ترسیلات بڑھنے ،مہنگائی کم ہونے سے شرح سود میں کمی متوقع
سرمایہ کاروں کی بھرپور توجہ مرکوز، مانیٹری پالیسی کااعلان 26 جنوری کو ہوگا
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان کی مالیاتی منڈیوں میں شرحِ سود میں کمی سے متعلق توقعات ایک بار پھر مضبوط ہوگئی ہیں۔ مارکیٹ کے تازہ سروے کے مطابق روپے کی قدر میں استحکام، ترسیلاتِ زر میں مسلسل اضافہ اور مہنگائی کی شرح میں کمی نے اسٹیٹ بینک کے لیے شرحِ سود میں مزید نرمی کی راہ ہموار کردی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ رواں سال کی پہلی مانیٹری پالیسی جس کا اعلان 26 جنوری کوگورنر اسٹیٹ بینک کریں گے وہ سرمایہ کاروں اور کاروباری حلقوں کی بھرپور توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے ۔مالیاتی اداروں کے سروے کے مطابق 80 فیصد شرکاء کی رائے ہے کہ اسٹیٹ بینک نئی مانیٹری پالیسی میں شرحِ سود کو کم کرے گا ۔ان میں سے 56 فیصد کا ماننا ہے کہ پالیسی ریٹ میں 50 بیسز پوائنٹس کمی کی جائے گی، جبکہ 15 فیصد شرکاء نے امکان ظاہر کیا ہے کہ شرحِ سود میں ایک فیصد یعنی 100 بیسز پوائنٹس تک کمی ہو سکتی ہے ۔