اوور کی آخری گیند پر سمتھ کا سنگل سے گریز، بابر ناراض

 اوور کی آخری گیند پر سمتھ کا سنگل سے گریز، بابر ناراض

سمتھ کی سنچری سے تھنڈر کیخلاف بی بی ایل میچ سکسرز نے جیت لیا،بابرکے 47رنز مجھے نہیں لگتا کہ بابر اعظم اس سنگل کو ٹھکرانے پر مجھ سے خوش تھے ،کپتان سکسرز

سڈنی(سپورٹس ڈیسک)آسٹریلیا کے سٹار بیٹر سٹیو سمتھ نے بگ بیش لیگ نے دوسری تیز ترین سنچری جڑ دی۔سڈنی میں سڈنی سکسرز اور سڈنی تھنڈر کے میچ میں سٹیو سمتھ نے 40 گیندوں پر سنچری سکور کی۔میچ میں دو سنچریاں سکور کی گئیں، سڈنی تھنڈر نے پہلے بیٹنگ کی اور ڈیوڈ وارنر کے 110 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت 6 وکٹ پر 189 رنز سکور کیے ۔جواب میں سڈنی سکسرز نے ہدف 18ویں اوور میں 5 وکٹ پر حاصل کرلیا، سٹیو سمتھ کی سنچری کے ساتھ بابر اعظم نے 47 رنز کی نمایاں باری کھیلی۔ میچ میں سڈنی سکسرز کے کپتان سٹیو سمتھ نے بابر اعظم کو سٹرائیک نہ دینے کیلئے آخری بال پر سنگل سے گریز کیا۔

اگلے اوور میں سٹیو سمتھ نے 4 چھکے اور ایک چوکا لگا کر 30 رنز بنائے ، دو ایکسٹرا کے رن بھی بنے ، سمتھ کے سنگل سے انکار پر بابر اعظم ناخوش بھی نظر آئے ۔میچ کے بعد پریذینٹر نے سمتھ سے پوچھا کہ بابر کے شاٹ پر سنگل لینے سے منع کرنے پر آپ کی اور بابر کی کیا گفتگو ہوئی؟جس پر سمتھ نے جواب دیا کہ 10ویں اوور کے بعد بابر نے مجھ سے کہا کہPower Surge( 2 اوور پرمشتمل بیٹنگ پاوور پلے ) لے لو۔ میں نے بابر کو کہا کہ مجھے ایک اوور اور دے دو، میں چھوٹی باؤنڈری کی طرف پاور سرج لے کر 30 رنز بنانے کی کوشش کروں گا۔ سمتھ نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ بابر اعظم اس سنگل کو ٹھکرانے پر مجھ سے خوش تھے ۔جیت کے بعد سڈنی کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر آ گئی ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں