انڈر 19 ورلڈ کپ : انگلینڈ نے پاکستان کو ہرا دیا ، آسٹریلیا کی آئر لینڈ پر فتح
پاکستانی بولنگ لائن کی محنت کی لاج بیٹنگ لائن نہ رکھ سکی، گرین شرٹس 211 رنز کے تعاقب میں 173 رنز تک محدود رہی آئرلینڈ نے 7 وکٹ پر 235 رنز بنائے آسٹریلیا نے ہدف 40 ویں اوور میں حاصل کرلیا،سٹیون ہوگن نے کی 115 رنز کی اننگز
ہرارے (سپورٹس ڈیسک)انڈر 19 ورلڈ کپ میں انگلش ٹیم نے پاکستانی ٹیم کو 37 رنز سے ہرا دیا، گرین شرٹس 211 رنز کے تعاقب میں 173 رنز تک محدود رہی۔ آسٹریلیا نے آئرلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی بولنگ لائن کی محنت کی لاج بیٹنگ لائن نہ رکھ سکی، یوں آسان ہدف کے تعاقب میں ٹیم اپنے پہلے ہی گروپ میچ میں شکست سے دوچار ہوئی ہے ۔گرین شرٹس کے کپتان فرحان یوسف نے 65 رنز کی نمایاں باری کھیلی اور کوئی کھلاڑی خاطر خواہ پرفارمنس دینے میں ناکام ثابت ہوا۔اس سے قبل انگلش ٹیم 46 اعشاریہ 5 اوورز میں 210 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی تھی، انگلینڈ کے فیلکونر نے سب سے زیادہ 66 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
پاکستان کے احمد حسین نے 3، علی رضا، عبدالسبحان اور مومن قمر نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔لیگ سپنر احمد حسین نے کہا کہ وکٹ سپنرز کے لئے سازگار ہے ، سادہ سا پلان تھا کہ ڈاٹ بال کرانی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم میں سارے فیلڈرز اچھے ہیں، آپس میں رن آؤٹ کرنے میں مقابلہ ہوتا ہے ۔دوسری طرف آسٹریلیا نے آئرلینڈ کو 8 وکٹ سے ہرا دیا ہے ۔ونڈہیوک میں کھیلئے گئے میچ میں آئرلینڈ انڈر 19 ٹیم نے 7 وکٹ پر 235 رنز بنائے جبکہ آسٹریلیا نے ہدف 40 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔آسٹریلیا کے سٹیون ہوگن نے 115 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ نتیش سیموئل نے ناقابل شکست 77 رنز بنائے ۔