اسٹاک ایکسچینج، مندی، 58 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں
سرمایہ کارمحتاط،186 پوائنٹس کی کمی سے ہنڈرڈ انڈیکس 182153 پر بند
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج کاروباری ہفتے کے دوسرے روزبھی مندی کا شکار رہی جس کے نتیجے میں 58.09فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید76ارب روپے سے زائد ڈوب گئے ۔ مارکیٹ میں ٹریڈنگ کا آغاز گرین زون سے ہوا تھا،بھاری لیورج ادائیگیوں اور عالمی دباؤ کے سبب سرمایہ کار دن بھر محتاط رہے۔ ایک موقع پر 876پوائنٹس کے اضافے سے 100انڈیکس کی 1لاکھ 83ہزار پوائنٹس کی سطح عبور ہوگئی لیکن آئل اینڈ گیس سیکٹر میں پرافٹ ٹیکنگ سے جاری تیزی مندی میں تبدیل ہوگئی اورانڈیکس ایک موقع پر 841پوائنٹس کی مندی سے 1لاکھ 82ہزار پوائنٹس کی سطح بھی گرگیا ۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 186.83 پوائنٹس کی کمی سے 182153.55 پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروباری حجم پیر کی نسبت 14.05فیصد کم رہا ۔ گزشتہ روز 1ارب 06کروڑ 23لاکھ 09ہزار 829 حصص کے سودے ہوئے۔ مجموعی طورپر482 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 153 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 280 میں کمی اور 49 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔