اسٹینڈرڈ چارٹرڈ کو 58.5ارب روپے کا قبل از ٹیکس منافع

اسٹینڈرڈ چارٹرڈ کو 58.5ارب روپے کا قبل از ٹیکس منافع

1.8ارب کی نیٹ ریلیز ریکارڈ ،مجموعی ڈپازٹس 650ارب روپے رہے

کراچی(بزنس ڈیسک)اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک پاکستان لمیٹڈ(ایس سی بی ایل)نے 31دسمبر2025ء کیلئے مالی نتائج کا اعلان کر دیا ۔ اس اعلان کے مطابق بینک نے مستحکم مالی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 58.5 ارب روپے کا قبل از ٹیکس منافع حاصل کیاجبکہ گزشتہ سال یہ منافع 100.6 ارب روپے تھا۔بینک کی آمدنی میں سال بہ سال کی بنیاد پرکمی واقع ہوئی تھی جس کی اہم وجہ شرحِ سود میں نمایاں کمی تھی۔ شرح سود میں کمی کے باعث آمدنی پر پڑنے والے اثرات کو فنڈز کی لاگت میں کمی نے جزوی طور پر متوازن کیا۔مزید برآں محتاط حکمتِ عملی اور ڈوبے ہوئے قرضوں کی وصولیوں کے باعث سال کے دوران 1.8 ارب روپے کی نیٹ ریلیز ریکارڈ کی گئی۔واجبات کے شعبے میں بینک کے مجموعی ڈپازٹس 650 ارب روپے رہے ، جو 22 فیصد کم تھے۔

یہ کمی ڈپازٹس میں بہتری کی مہم کے باعث ہوئی جس کی جھلک کرنٹ اکاؤنٹس کے بہتر تناسب میں نظر آتی ہے جو گزشتہ سال کے 48 فیصد کے مقابلے میں بڑھ کر مجموعی ڈپازٹس کا 59 فیصد ہو گیا۔اثاثوں کے شعبے میں، نیٹ ایڈوانسز نے مثبت رفتار برقرار رکھی اور سال کے آغاز سے اب تک 43 ارب پاکستانی روپے یا 25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔ بینک اپنے صارفین کی ضرورتوں کو پوری کرنے کے لیے مضبوط پوزیشن میں ہے اور منافع بخش، مؤثر اور پائیدار پورٹ فولیو کی تشکیل کے لیے اپنی حکمتِ عملی جاری رکھے گا۔ اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک پاکستان لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ہیڈ آف کوریج ریحان شیخ نے کہا کہ ہمارے نتائج مارکیٹ کے بدلتے ہوئے حالات کی عکاسی کرتے ہیں۔ یہ ہماری مضبوط بیلنس شیٹ، متنوع پورٹ فولیو، کلائنٹ کے ساتھ گہرے تعلقات اور مستحکم کاروباری بنیادوں کی طاقت کو اجاگر کرتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں