فارما کمپنی کارئیل اسٹیٹ شعبے میں داخل ہونے کا اعلان
ابتدائی مرحلے میں 7ارب روپے تک کی سرمایہ کاری کی جائیگی،کمپنی
کراچی(بزنس رپورٹر)سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سے گرین سگنل ملنے کے بعد ملکی فارما کمپنی نے پہلی بار تعمیراتی اور رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں داخل ہونے کا باضابطہ اعلان کردیا ۔کمپنی نے یہ پیش رفت پی ایس ایکس کو ارسال کردہ خط میں شیئر کی جسکے مطابق ابتدائی مرحلے میں 7 ارب روپے تک کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔کمپنی کے مطابق یہ اس کی تاریخ میں پہلا موقع ہوگا کہ وہ اپنے بنیادی فارما بزنس کے علاوہ رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی منصوبوں میں براہِ راست سرمایہ کاری کرے گی۔
اس مقصد کے لیے ایک ذیلی کمپنی قائم کی جائے گی جو منصوبوں کے آغاز، ترقی اور تکمیل کی ذمہ دار ہوگی۔خط کے مطابق پہلا پراجیکٹ لاہور کے ہالی وڈ روڈ پر شروع کیا جائے گا ۔دوسرا منصوبہ لاہور کے علاقے خیابانِ ظفر میں کمپنی کی اپنی اراضی پر لانچ کیا جائے گا، جسے سرمایہ کاروں کے لیے ایک پریمیم لوکیشن قرار دیا جارہا ہے ، تیسرا بڑا منصوبہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متصل کمپنی کی ملکیتی اراضی پر شروع کیا جائے گا۔