ڈی جی ٹی او سے خواتین چیمبرز کی فیس میں 50 فیصد کمی کا مطالبہ
کم آمدنی کے باعث چیمبرز پہلے ہی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں،ثاقب فیاض
کراچی (بزنس ڈیسک) یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر اور بی ایم پی پروگریسو (بی ایم پی پی)کے چیئرمین و سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی ثاقب فیاض مگوں نے مشترکہ طور پر وزارتِ تجارت اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریڈ آرگنائزیشنز (ڈی جی ٹی او)نے مطالبہ کیا کہ خواتین چیمبرز کیلئے میمورنڈم اور آرٹیکلز آف ایسوسی ایشن میں ترمیم کی فیس میں 50 فیصد کمی کی جائے۔
انہوں نے نوٹیفکیشن ایس آراو 2077(I)/2025 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹریڈ آرگنائزیشنز رولز 2013ء کے شیڈول ای میں ترمیم کے بعد تمام تجارتی اداروں کیلئے ترمیمی فیس ایک لاکھ روپے مقرر کر دی گئی جو خواتین چیمبرز کیلئے اضافی بوجھ ہے، یہ ترامیم چیمبرز اپنی مرضی سے نہیں بلکہ ڈی جی ٹی او کی ہدایات کے تحت کر رہے ہیں اس لیے اس عمل کو آسان اور کم خرچ بنایا جانا چاہیے ۔دونوں رہنماؤں نے واضح کیا کہ خواتین چیمبرز محدود مالی وسائل اور کم آمدنی کے باعث پہلے ہی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔