پہلی بار میڈ اِن پاکستان الیکٹرک وہیکل متعارف کرانے کا فیصلہ
کراچی(رپورٹ:حمزہ گیلانی) حکومت نے ملک میں مقامی سطح پر تیار ہونے والی الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے پہلی بار میڈ اِن پاکستان الیکٹرک وہیکل (ای وی) متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے ، جسے رواں سال جون یا جولائی تک پیش کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ (ای ڈی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حماد خان کے مطابق یہ منصوبہ پاکستان کی آٹو انڈسٹری کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ دنیا نیوز کو ویڈیو بیان میں حماد خان نے بتایا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ مکمل طور پر مقامی سطح پر تیار ہونے والی ای وی گاڑی کے لیے پلانٹ لاہور میں قائم کیا جائے گا،اس منصوبے کے تحت تیار کی جانے والی گاڑی عام صارفین کی قوت خرید کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کرائی جائے گی اور اس کی قیمت دس لاکھ روپے سے کم رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ متوسط طبقہ بھی باآسانی الیکٹرک گاڑی استعمال کرسکے ۔انہوں نے بتایا کہ مجوزہ مقامی ای وی گاڑی جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہوگی اور اس کی چارجنگ رینج تقریباً 1200 کلومیٹر تک رکھی جائے گی جس سے ایک بار چارج کرنے پر طویل فاصلے تک سفر ممکن ہوگا۔ حماد خان نے بتایا کہ وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق نئی آٹو پالیسی کے تحت مقامی آٹو مینوفیکچررز کو بھرپور سرکاری تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ پاکستان میں آٹو انڈسٹری کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکے ۔ اس وقت دو سے تین مقامی کمپنیاں میڈ اِن پاکستان گاڑیاں تیار کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں اور حکومت ان کے ساتھ مختلف مراحل میں مشاورت کر رہی ہے ۔