ورلڈکپ میں کوالیفائی کرکے قوم کو تحفہ دینگے :عماد بٹ
پاکستان کا آج جاپان سے مقابلہ ، سیمی فائنل کی اہمیت کا اندازہ ہے ، قومی ہاکی کپتان
اسماعیلیہ (سپورٹس ڈیسک)ایف آئی ایچ ورلڈکپ کوالیفائر کے دونوں سیمی فائنل کھیلے جائیں گے ۔ مصر کے شہر اسماعیلیہ میں جاری ورلڈکپ کوالیفائر مقابلوں کے سیمی فائنلز میں پاکستان کا مقابلہ جاپان اور انگلینڈ کا ملائشیا سے ہوگا۔ گروپ بی کے آخری میچ میں پاکستان نے آسٹریا کے خلاف دو کے مقابلے میں چار گول سے کامیابی حاصل کی۔اس جیت کے ساتھ پاکستان اپنے گروپ میں ناقابل شکست رہا اور پہلی پوزیشن پائی۔کپتان عماد بٹ نے سیمی فائنل میں بھی شاندار کارکردگی دکھانیکا عزم کیا ہے ۔انہوں نے اس جیت کر کریڈٹ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور حکومتی سرپرستی کو دیتے ہوئے واضح کیا کہ نئے کوچنگ سٹاف کی تقرری سے ماحول بہت اچھا ہوا ہے اور تمام لڑکے سو فیصد کارکردگی پیش کررہے ہیں۔عماد بٹ نے کہا کہ سیمی فائنل کی اہمیت کا اندازہ ہے ، اس لیے پورا زور لگا کر ورلڈکپ میں کوالیفائی کرکے قوم کو تحفہ دیں گے ۔یاد رہے کہ پاکستان نے آخری بار 2018میں ورلڈکپ کھیلاتھا جس میں 12ویں پوزیشن پائی تھی۔اب ایک بار پھر پاکستان کے ورلڈکپ میں کھیلنے کے روشن امکانات ہیں۔ہاکی ورلڈکپ رواں سال 15 اگست سے ہالینڈ اور بیلجیم میں شیڈول ہے ۔