ایران پر حملہ، خاتون فٹبالر پریس کانفرنس میں آبدیدہ
مجھے امید ہے کہ ہمارے ملک کے لیے جلد اچھی خبریں آئینگی ،سارہ دیدار
سڈنی(سپورٹس ڈیسک)آسٹریلیا میں جاری اے ایف سی ویمنز ایشین کپ کے دوران ایران کی خاتون فٹبالر سارہ دیدار پریس کانفرنس میں جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہو گئیں۔21 سالہ سٹرائیکر سارہ دیدار نے کہا کہ ٹیم کو ایران میں موجود اپنے اہلِ خانہ اور عزیزوں کی شدید فکر لاحق ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایران میں پیش آنے والے حالات پر ہم سب بہت پریشان اور غمزدہ ہیں۔آسٹریلیا کے خلاف گروپ اے کے میچ سے قبل پریس کانفرنس کے دوران سارہ دیدار نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہمارے ملک کے لیے جلد اچھی خبریں آئیں گی اور ایران مضبوطی کے ساتھ قائم رہے گا۔ایرانی ٹیم کی ہیڈ کوچ مرزیہ جعفری نے کہا کہ ٹیم کو اپنے خاندانوں اور ایران کے عوام کی سلامتی کے حوالے سے شدید تشویش ہے ، تاہم وہ یہاں پیشہ ورانہ انداز میں فٹبال کھیلنے آئی ہیں اور اپنی توجہ میچ پر مرکوز رکھنے کی کوشش کر رہی ہیں،دوسری جانب آسٹریلیا کے کوچ جو مونٹیمورو نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کی ٹیم اور شائقین ایرانی ٹیم کے ساتھ ہمدردی اور احترام کا مظاہرہ کریں۔اس سے قبل ایران کی ٹیم پیر کے روز جنوبی کوریا کے خلاف اپنے پہلے میچ سے قبل گولڈ کوسٹ سٹیڈیم میں قومی ترانے کے دوران خاموش کھڑی رہی تھی۔جنوبی کوریا کے خلاف میچ میں سٹیڈیم میں موجود ایرانی شائقین نے سرخ، سبز اور سفید قومی پرچم لہرا کر ٹیم کی حوصلہ افزائی کی تھی۔