ایرانی جنگی جہاز کی تباہی پر اپوزیشن کی مودی پر شدید تنقید
ہمارے مہمان مارے گئے ، وزیر اعظم خاموش ،یہ بزدلی ناقابل قبول:کانگریس مودی کا سمجھوتہ بھارت کو شرمندہ کر رہا ،خاموشی قومی مفاد کیخلاف :اپو زیشن
نئی دہلی(دنیا مانیٹرنگ)سری لنکا کے ساحل کے قریب بدھ کو ایک ایرانی جنگی بحری جہاز آئی آر آئی ایس دینا کو امریکی آبدوز نے نشانہ بنایا، جس کے بعد بھارت میں حزب اختلاف کی جماعتوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کی ہے ۔کانگریس کی ترجمان نے کہا کہ ایرانی فوجی بھارت کی دعوت پر فوجی مشق میں شریک تھے اور وہ ہمارے مہمان تھے ، لیکن واپسی کے دوران امریکی حملے میں ہلاک ہو گئے ۔ انھوں نے وزیر اعظم کی خاموشی کو ناقابل قبول قرار دیا اور کہا کہ یہ بھارت کے قومی مفاد کے خلاف ہے ۔یہ واقعہ بدھ کے روز پیش آیا، جب امریکی سیکرٹری دفاع پیٹ ہیگستھ نے دعویٰ کیا کہ بحرِ ہند میں موجود امریکی آبدوز نے تارپیڈو داغ کر ایرانی جہاز کو تباہ کیا، جس میں 80 سے زائد ایرانی فوجی ہلاک اور 32 کو ریسکیو کیا گیا۔ ۔آئی آر آئی ایس دینا گذشتہ دنوں بھارت میں منعقدہ انٹرنیشنل فلیٹ ریویو 2026 میں شریک ہوا تھا اور انڈین بحریہ نے تصدیق کی کہ یہ جہاز وشاکاپٹنم سے واپس جا رہا تھا۔ اپوزیشن رہنما سنجے سنگھ اور پون کھیرا نے اس واقعے کی ویڈیوز شیئر کر کے کہا کہ یہ واقعہ بھارت کی مہمان نوازی اور قومی مفاد کے خلاف ہے ،مودی کا سمجھوتہ بھارت کو شرمندہ کر رہا ، وزیر اعظم مودی کو ایران سے تعزیت اور سری لنکا کی مدد کا فوری اعلان کرنا چاہیے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ امریکی اقدام دوسری عالمی جنگ کے بعد پہلی مرتبہ پیش آنے والا سمندری حملہ ہو سکتا ہے ، اور بھارت کی خاموشی نئے خدشات کو جنم دے رہی ہے ۔