ناکامیوں کے باوجود پی سی بی پالیسیوں میں تسلسل کا خواہشمند

ناکامیوں کے باوجود پی سی بی پالیسیوں میں تسلسل کا خواہشمند

ہیسن معاہدے کے مطابق کام جاری رکھیں گے ،سلمان آغا اور ون ڈے میں کپتان، شاہین آفریدی کو بورڈ نے گرین سگنل دے دیا کرکٹ بورڈ ماضی کی شکستوں کے بعد کوچ اور کپتان کو ہٹانے کے بجائے انہیں اعتماد دینا چاہتا ہے ، عاقب جاوید کی ذمہ داری بھی برقرار

لاہور (سپورٹس ڈیسک)حال ہی میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک نہ پہنچنے والی قومی ٹیم میں کوئی اکھاڑ پچھاڑ نہیں ہوگی۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی فارمیٹ میں کپتان اور کوچ تبدیل نہیں ہوگا کیونکہ ماضی کے برعکس کرکٹ بورڈ پالیسیوں میں تسلسل کا خواہش مند ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن معاہدے کے مطابق کام جاری رکھیں گے جبکہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں کپتان سلمان علی آغا اور ون ڈے فارمیٹ میں کپتان شاہین آفریدی کو بورڈ نے گرین سگنل دے دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق کرکٹ بورڈ ماضی کی شکستوں کے بعد کوچ اور کپتان کو ہٹانے کے بجائے انہیں اعتماد دینا چاہتا ہے جبکہ مستعفی ہونے والے سلیکٹر علیم ڈار کا استعفی منظور کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود کے استعفے کے بعد خالی جگہ سابق کپتان سرفراز احمد کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ابوظہبی سے واپسی پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے ۔علاوہ ازیں ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر عاقب جاوید اور سلیکشن کمیٹی اپنا کام جاری رکھے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں