یارن مرچنٹس کا سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے کا مطالبہ
ٹیکسزکی بھرمار ، زائد لاگت سے کاروبار کرناناممکن ہوتاجارہا، ثاقب گڈلک
کراچی(بزنس ڈیسک)پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن (پائما)کے چیئرمین ثاقب گڈلک نے پاکستان کی جانب سے امریکا، ایران جنگ رکوانے کے لیے شاندار سفارتی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے کہ پاکستان کی قیادت نے امریکا، ایران جنگ بندی سے خطے میں امن قائم کرنے کی راہ ہموار کی۔پاکستان کی قیادت نے نہ صرف سفارتی سطح پر کامیابی حاصل کی بلکہ عالمی سطح پر ملک کا وقار بھی بلند کیا۔ثاقب گڈلک نے وزیراعظم کی توجہ کاروبار وصنعت کو درپیش مشکلات کی جانب مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ اس وقت کاروبار و صنعت انتہائی مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ ٹیکسزکی بھرمار اور زائد کاروباری لاگت کی وجہ سے کاروبار جاری رکھنا تقریباً ناممکن ہوتا جارہاہے لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ وہ ٹیکسوں میں کمی سمیت سازگار ماحول فراہم کرے ۔