8ماہ میں صنعتوں کا مجموعی انڈیکس 5.89فیصد بڑھ گیا
شوگر انڈسٹری نے نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے 29.3فیصد ترقی ریکارڈ کی
کراچی(بزنس رپورٹر)بڑی صنعتوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری سامنے آئی جہاں سالانہ بنیادوں پر صنعتی ترقی کی شرح 6.5 فیصد تک پہنچ گئی ۔ ادارہ شماریات کے مطابق یہ بہتری ملکی صنعتی سرگرمیوں میں بحالی اور پیداواری عمل میں تیزی کا واضح اشارہ ہے ۔ مرکزی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ کے دوران بڑی صنعتوں کا مجموعی انڈیکس 5.89 فیصد بڑھا، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ صنعتی شعبہ بتدریج استحکام کی جانب گامزن ہے۔
صنعتی ماہرین کے مطابق یہ رجحان معاشی بحالی، طلب میں اضافے اور حکومتی پالیسیوں کے مثبت اثرات کا نتیجہ ہے ۔ دوسری جانب شعبہ جاتی بنیادوں پر دیکھا جائے تو شوگر انڈسٹری نے سب سے نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے ایک سال میں 29.3 فیصد ترقی ریکارڈ کی جبکہ آٹو موبیل سیکٹر بھی 28.7 فیصد اضافے کے ساتھ تیزی سے ابھرتا ہوا نظر آیا،اسی طرح پٹرولیم سیکٹر نے سالانہ بنیادوں پر14 فیصد بہتری دکھائی۔