گوادر پورٹ پر تجارتی سرگرمیاں تیز، دو جہاز لنگر انداز
پہلا جہاز ٹرانس شپمنٹ کارگو اور دوسرا کھاد لے کر پہنچا،سامان کی ترسیل جاری
گوادر(بزنس ڈیسک)گوادر پورٹ پر تجارتی سرگرمیوں میں مزید تیزی آ گئی جہاں دو کارگو جہاز لنگر انداز ہو کر سامان کی ترسیل میں مصروف ہیں۔ ترجمان گوادر پورٹ اتھارٹی جمیل قاسم کے مطابق پہلا جہاز ایم وی (HOM Leader) 368.7 ٹن ٹرانس شپمنٹ کارگو لے کر پہنچا جس میں مختلف مشینری کے آلات اور جنرل کارگو شامل ہیں۔ دوسری جانب ایم وی ڈولفن103 بھی گوادر بندرگاہ پر لنگر انداز ہو چکا جو 5,000 میٹرک ٹن ایم او پی کھاد لے کر آیا ہے۔ یہ کھاد گوادر پورٹ فری زون میں قائم صنعتوں کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ صنعتی و زرعی سپلائی چین کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ترجمان کے مطابق دونوں جہاز اس وقت بندرگاہ پر سامان اتارنے میں مصروف ہیں اور بروقت کلیئرنس و ہینڈلنگ کیلئے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔ چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ کا کہنا ہے کہ گوادر بندرگاہ پر مختلف اقسام کے کارگو کی آمد سے اقتصادی سرگرمیوں میں مثبت پیش رفت دیکھنے میں آ رہی ہے ۔