اسٹاک ایکسچینج میں مندی ،انڈیکس1,742 پوائنٹس گرگیا
جیو پولیٹیکل حالات فروخت کے دباؤ کی وجہ ،انڈیکس 172,196پر بند
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)اسٹاک ایکسچینج میں پیر کو اتار چڑھاؤ سے بھرپور کاروباری سیشن دیکھا گیا جہاں 100 انڈیکس میں دونوں جانب بڑی لہریں دیکھنے میں آئیں اور آخر کار یہ ایک فیصد کی کمی پر بند ہوا۔ تفصیلات کے مطابق 100 انڈیکس میں کاروبار کے آغاز پر ہی شدید مندی دیکھی گئی جس کی وجہ منفی عالمی اشارے یا جیو پولیٹیکل خدشات بنے ،تاہم یہ گراوٹ تھوڑی دیر ہی برقرار رہی کیونکہ اداروں کی جانب سے خریداری کے باعث مارکیٹ نے تیزی سے ریکوری کی۔دوپہر کے وقت مارکیٹ میں پھر شدید فروخت کا رجحان دیکھا گیا ۔کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 1,742 پوائنٹس یا 1 فیصد کی کمی سے 172,196 پوائنٹس پر بند ہوا۔تجزیہ کاروں نے فروخت کے دباؤ کی وجہ جیو پولیٹیکل حالات کو قرار دیا کیونکہ ایسی اطلاعات سامنے آئیں کہ ایرانی وفد مذاکرات کے دوسرے دور کیلئے پاکستان آنے پر آمادہ نہیں ہے ۔جے ایس گلوبل کے ہیڈ آف ریسرچ وقاص غنی نے کہا کہ نئی غیر یقینی صورتحال کے باعث اعتماد اب بھی متزلزل ہے کیونکہ ایران نے تاحال کل اسلام آباد میں متوقع پاک امریکہ مذاکرات کے دوسرے دور میں اپنی شرکت کی تصدیق نہیں کی ہے ۔