معیشت استحکام کے آثار دکھا رہی ہے ، صدرایف پی سی سی آئی
شرح نمومیں بہتری اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا، عاطف اکرام
کراچی (آن لائن)وفاقی چیمبرکے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ معیشت استحکام کے آثار دکھا رہی ہے ۔ شرح نمو میں بہتری، کنٹرولڈ مہنگائی، غیر ملکی زر مبادلہ میں استحکام اور سرمایہ کاروں کے نئے سرے سے اعتماد میں اضافہ ہوا۔ایف پی سی سی آئی کے صدرعاطف اکرام شیخ نے سی اے سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے ورچوئل سیشن میں’’پاکستان میں کاروبار: موجودہ رجحانات اور تازہ ترین پیش رفت‘‘ کے موضوع پر جامع پریزنٹیشن دی۔
ویبی نار میں ایشیا پیسیفک خطے سے تعلق رکھنے والے 60 سے زائد سینئر نمائندوں، کاروباری رہنماؤں اور چیمبر ممبران نے شرکت کی۔ اپنی کلیدی پریزنٹیشن میں عاطف اکرام شیخ نے پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے میکرو اکنامک انڈیکیٹرز، اسٹریٹجک جغرافیائی مقام، نوجوان اور ہنر مند ورک فورس، تیزی سے پھیلتی ہوئی ڈیجیٹل اکانومی اور کلیدی شعبوں میں وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔