انجمن تاجران کابجٹ میں تاجروں کو ریلیف دینے کا مطالبہ
سستی بجلی و بلا سود قرضوں سے معیشت میں نئی جان ڈالی جا سکتی،اشرف بھٹی
لاہور(آئی این پی)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ مہنگائی اور پیداواری لاگت نے چھوٹے کاروبار کو شدید متاثر کیا ہے ، توانائی اور پٹرولیم قیمتوں میں بے پناہ اضافے کی وجہ سے ہر طبقہ پریشان ہے ۔آئندہ بجٹ میں تاجروں کو ریلیف دیاجائے ۔ اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ چھوٹے کاروبار کو ریلیف دینے سے معیشت میں نئی جان ڈالی جا سکتی ہے ،ہم پر امید ہیں کہ حکومت بجٹ میں چھوٹے تاجروں کیلئے عملی اقدامات کا اعلان کرے گی۔انہوں نے کہا کہ تاجروں کا معیشت کو چلانے میں کلیدی کردار ہے ، تاجر نہ صرف سالانہ اربوں کے ٹیکسز دیتے ہیں بلکہ روزگار کی فراہمی کابھی ذریعہ ہیں ۔اشرف بھٹی نے مزید کہا کہ حکومت سے اپیل ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تاجروں کو ریلیف دیاجائے ، بجلی کے کمرشل یونٹ کی قیمت میں کمی اور بلا سود قرضوں کی اسکیم دی جائے تاکہ مارکیٹ سے سرمائے کی قلت ختم ہو سکے۔