تاجروں سے ملکر شہر کوتجاوزات سے پاک کرینگے ، کمشنر کراچی
مشاورت واشتراک سے مارکیٹوں کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل کرینگے ، حسن نقوی تاجر نشاندہی کریں غفلت کے مرتکب انتظامی اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائیگی،گفتگو
کراچی(کامرس رپورٹر)شہر میں تجاوزات کا خاتمہ بڑا چیلنج ہے تاہم تاجروں کے تعاون سے کامیابی حاصل کرینگے ،تاجروں کی مشاورت اور اشتراک سے مارکیٹوں کے مسائل ترجیحی اور مستقل بنیادوں پر حل کیے جائینگے ، تاجر نشاندہی کریں غفلت کے مرتکب انتظامیہ اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی،لاک ڈاؤن اور تجاوزات کے سلسلے میں تاجر خود بھی تعاون کریں اور اپنی مارکیٹوں میں قانون پر سختی سے عملدرآمد کروائیں، ممکنہ اور جائز شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہارکمشنر کراچی حسن نقوی نے تاجر رہنما عتیق میر کی قیادت میں ملاقات کے لیے آئے سپریم کونسل آف ٹریڈرز کے نمائندہ وفد سے گفتگو میں کیا۔ وفد میں شامل کاشف صابرانی، احسان گجر، حسین قریشی، جاوید الٰہی، راشد علی شاہ ودیگر نے کمشنر کراچی کو بدترین لوڈشیڈنگ اور گرم موسم کی بنیاد پر لاک ڈاؤن ختم کرنے کی درخواست کی، تاجروں نے شہر میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کو مستحسن قرار دیتے ہوئے تجویز پیش کی کہ مارکیٹوں کے نمائندگان سے مشاورت اور روابط سے تجاوزات کیخلاف آپریشن کو بہتر اور مؤثر بنایا جائے تاجروں نے یہ بھی کہا کہ شہر میں تجاوزات کا سبب بننے والے ٹھیلوں اور پتھاروں کیلئے ایسے زونز بنائے جائیں جن سے ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو، تاجروں نے کمشنر کراچی سے انتظامیہ کے بعض افسران کی من مانیوں کی شکایات بھی کی جس کے جواب میں کمشنر کراچی نے تاجروں کو یقین دلایا کہ تجاوزات کی بنیاد پر سیل کی گئی دکانیں معمولی جرمانے کی ادائیگی پر 24 گھنٹوں میں ڈی سیل کر دی جائینگی۔