پاکستان کا ایران امریکہ مذاکرات میں کلیدی کردار، فضل کریم دادا بھائی
کراچی (بزنس ڈیسک) معروف صنعتکار فضل کریم دادا بھائی نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران اور امریکہ کو مذاکرات کی میز پر لانے ،
دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کے آغاز اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے امن کی راہ ہموار کرنے میں ایک تاریخی اور کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔اپنی رہائش گاہ پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے فضل کریم دادا بھائی نے کہا کہ خطے میں امن، استحکام اور سفارتی روابط کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششیں نہایت اہم رہی ہیں اور عالمی برادری بھی پیچیدہ علاقائی مسائل کے حل میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو تسلیم کرتی ہے ۔ پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کاوشوں اور اعتماد سازی کے اقدامات کے نتیجے میں ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم قائم ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوئے اور انہوں نے اس تاریخی مفاہمت کی بنیاد رکھی جس کے نتیجے میں اب ایک امن معاہدہ طے پایا ہے ، جس پر جمعہ کے روز سوئٹزرلینڈ میں دستخط کیے جانے کی توقع ہے ۔فضل کریم دادا بھائی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت، عزم اور سفارتی بصیرت نے چار دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط کشیدگی کے بعد دونوں ممالک کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا۔