ایمریٹس نے جامع سفری انشورنس متعارف کرادی
طبی ایمرجنسی اور کنکٹنگ فلائٹس کی منسوخی پر بھی تحفظ فراہم کیاجائے گا
کراچی(بزنس ڈیسک)ایمریٹس نے ایک مکمل اور جامع سفری انشورنس کوریج فراہم کرنے والی دنیا کی پہلی ائرلائن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے ۔ یہ اپنی نوعیت کی پہلی انشورنس ہے جس میں تمام چیزوں کا احاطہ کیا گیا، ان میں تنازع سے متعلق واقعات کی طبی کوریج بھی شامل ہے ۔ مختلف اقسام کے تعطل کی صورت میں ہوٹل میں قیام اور اضافی قیام کی سہولت بھی ائرلائن کی جانب سے فراہم کی جائے گی،اگر سفر کے دوران کسی دوسرے کیریئر کی کنیکٹنگ فلائٹ متاثر ہو یا ایمریٹس کی خدمات دستیاب نہ ہوں تو ائرلائن ایسے مسافروں کو کسی اضافی فیس کے بغیر انہیں منزل مقصود تک پہنچانے کیلئے ری بکنگ کی سہولت بھی دے گی ۔ایمریٹس ائرلائن کے صدر سر ٹم کلارک نے کہا ہے کہ صارفین کی آراء کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں احساس ہوا کہ سفری طلب بدستور مستحکم ہے لیکن سفری انشورنس کور سے متعلق ایک خلا موجود تھااسی لئے ہم نے صارفین کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے یہ نیا جامع حل پیش کیا ہے۔