عالمی کشیدگی میں کمی نے اسٹاک مارکیٹ کو بلندی پر پہنچا دیا،7241 پوائنٹس کا اضافہ
کاروبار کے دوران مسلسل زبردست تیزی رہی، 7سطحیں عبور ،انڈیکس 178262 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ایک موقع پرانڈیکس نے 7567 پوائنٹس کی حد کوبھی چھوا،1ارب 3کروڑ 21لاکھ سے زائدحصص کے سودے
کراچی(سٹاف رپورٹر) نئے مالی سالی کی پہلی زبردست تیزی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا ۔ امریکا ایران جنگ بندی ، خام تیل کی قیمتوں میں عالمی سطح پر مسلسل کمی نے ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں سمیت پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھی کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی زبردست تیزی کی جانب گامزن کردیا۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے اور عالمی کشیدگی میں کمی سے دوران ٹریڈنگ بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس کی 1لاکھ 72ہزار 1لاکھ 73ہزار، 1لاکھ 74ہزار، 1لاکھ 75ہزار، 1لاکھ 76ہزار،1لاکھ 77ہزار اور 1لاکھ 78ہزار پوائنٹس کی 7سطحیں بھی عبور ہوگئیں۔ زبردست تیزی کے سبب 82.45فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا اور حصص کی مالیت میں 7کھرب 42ارب 77کروڑ 57لاکھ 10ہزار 134 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ عارضی جنگ بندی اور امریکا ایران مذاکرات سے متعلق بیان کے بعد آبنائے ہرمز کی تجارتی سرگرمیوں کی بحالی اور مہنگائی بڑھنے کے اثرات کم ہونے سے اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے تمام دورانیے میں مسلسل زبردست تیزی رہی، جس سے ایک موقع پر 7567 پوائنٹس کی برق انداز کی تیزی بھی رونما ہوئی، تاہم اختتامی لمحات میں محدودپرافٹ ٹیکنگ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں قدرے کمی واقع ہوئی، نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 7241.13پوائنٹس کے اضافے سے 178262.33 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
کے ایس ای 30انڈیکس 2395.68 پوائنٹس کے اضافے سے 53347.67پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 4001.05 پوائنٹس کے اضافے سے 107837.44 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 10876.50پوائنٹس کے اضافے سے 251510.37پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 78فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 1ارب 3کروڑ 21لاکھ 91ہزار 519 حصص کے سودے ہوئے ۔ جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 496 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا، جن میں 409 کمپنیوں کے بھاؤ میں اضافہ، 63 کمپنیوں کے داموں میں کمی اور 24 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments