اسٹیٹ بینک:پٹرول پمپس پر ڈیجیٹل ادائیگی کے فروغ کا اعلان

اسٹیٹ بینک:پٹرول پمپس پر ڈیجیٹل ادائیگی کے فروغ کا اعلان

کارڈ سے ایندھن کی خریداری پر عائد ٹرانزیکشن چارجز میں نمایاں رعایت دیدی

کراچی(کامرس رپورٹر)اسٹیٹ بینک نے پٹرول پمپس پرڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے اور نقد لین دین پر انحصار کم کرنے کیلئے اہم اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کارڈ کے ذریعے ایندھن کی خریداری پر عائد ٹرانزیکشن چارجز میں نمایاں رعایت دیدی، جبکہ تمام پٹرول پمپس پر راست کیو آر کوڈ پر مبنی ادائیگی کا نظام متعارف کرانے کی ہدایت بھی جاری کردی ہے ، جاری سرکلر کے مطابق ملک بھر کے تمام پٹرول پمپس کو31 جنوری 2027 تک راست کیو آر کوڈ پر مبنی ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام لازمی طور پر فعال کرنا ہوگا تاکہ صارفین موبائل بینکنگ ایپس اور راست کے ذریعے فوری، محفوظ اور آسان ادائیگی کرسکیں، مرکزی بینک نے کارڈ کے ذریعے ایندھن کی خریداری پر وصول مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ کی زیادہ حد فی لیٹر ایک روپیہ مقرر کردی ہے، جسکا مقصد پٹرول پمپ مالکان پر مالی بوجھ کم کرنا اور انہیں کارڈ ادائیگیاں قبول کرنے کی ترغیب دینا ہے، اسی طرح انٹرچینج ری ایمبرسمنٹ فیس کی زیادہ سے زیادہ حد فی لیٹر 20 پیسے مقرر کردی گئی ہے ، جس سے بینکوں کے درمیان ٹرانزیکشن لاگت میں بھی کمی آئے گی اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام مزید مؤثر بن سکے گا، اسٹیٹ بینک نے تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، پٹرول پمپ مالکان، بینکوں اور متعلقہ ادائیگی سروس فراہم کرنیوالے اداروں کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ مدت کے اندر راست کیو آر کوڈ پر مبنی ادائیگی کا نظام مکمل فعال کریں تاکہ صارفین کو فوری سہولت میسر آسکے، ماہرین کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف پٹرول پمپس پر ڈیجیٹل ادائیگیوں کا رجحان بڑھے گا بلکہ نقد رقم کے استعمال میں کمی، لین دین میں شفافیت، دستاویزی معیشت کے فروغ اور ڈیجیٹل نظام کی توسیع میں بھی مدد ملے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...