ٹائر سازی میں اہم پیشرفت، خلیجی ممالک کوبرآمدات کی راہ ہموار
پاکستانی کمپنی کو گلف اسٹینڈرڈائزیشن آرگنائزیشن سے باضابطہ منظوری مل گئی
کراچی(کامرس رپورٹر)ٹائر سازی صنعت میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں ایک پاکستانی ٹائر ساز کمپنی کو گلف اسٹینڈرڈائزیشن آرگنائزیشن سے باضابطہ منظوری ملنے کے بعد سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر سمیت خلیجی تعاون کونسل کے رکن ممالک کو ٹائر برآمد کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کیے گئے مادی معلومات کے خط میں کمپنی نے آگاہ کیا ہے کہ اسے گلف اسٹینڈرڈائزیشن آرگنائزیشن کی جانب سے مطلوبہ منظوری موصول ہوگئی ہے ، جسکے بعد کمپنی اپنی مصنوعات خلیجی منڈیوں میں برآمد کرنے کی مجاز ہوگئی ہے کمپنی کے مطابق اس منظوری کے بعد اس کے تیار کردہ ٹائر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر، عمان اور کویت سمیت جی ایس او کے تمام رکن ممالک میں برآمد کیے جا سکیں گے ، کاروباری حلقوں کے مطابق خلیجی ممالک میں پاکستانی ٹائروں کی رسائی سے نہ صرف کمپنی کی برآمدات اور آمدنی میں اضافہ متوقع ہے ، بلکہ پاکستان کی ٹائر سازی کی صنعت کو بھی عالمی سطح پر نئی شناخت ملے گی۔ اس پیشرفت سے ملک کے غیر روایتی برآمدی شعبوں کو فروغ ملنے ، زرمبادلہ کے حصول میں اضافے اور صنعتی پیداوار میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ خلیجی منڈیوں میں داخلہ پاکستانی صنعت کیلئے ایک اہم سنگ میل ہے ، کیونکہ جی سی سی ممالک میں آٹو موبائل سیکٹر تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور معیاری ٹائروں کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے ایسے میں پاکستانی کمپنی کو ملنے والی یہ منظوری مستقبل میں دیگر مقامی ٹائر ساز اداروں کیلئے بھی خلیجی منڈیوں کے دروازے کھولنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments