ٹیکنالوجی کے ہنرمندوں کوجدید فنی تربیت دینے کا حکومتی عزم

ٹیکنالوجی کے ہنرمندوں کوجدید فنی تربیت دینے کا حکومتی عزم

نئے کاروبار، اختراعی منصوبے شروع کرنیوالوں کو سازگار ماحول دینگے ، معاون وزیراعلیٰ مقصد ملک کوتیزی سے رونما عالمی ٹیکنالوجی انقلاب میں قائدانہ مقام دلانا ہے ، علی راشد

کراچی(کامرس رپورٹر)سندھ حکومت نے پاکستان کے ابھرتے ٹیکنالوجی کے ہنر مند نوجوانوں کو جدید ترین فنی تربیت دینے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں نئے کاروبار اور اختراعی منصوبے شروع کرنیوالوں کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مقصد پاکستان کو تیزی سے رونما عالمی ٹیکنالوجی انقلاب میں قائدانہ مقام دلانا ہے ۔ یہ بات وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی علی راشد نے کراچی کے ایک ہوٹل میں منعقدہ ورلڈ سی آئی او 200 سمٹ و ایوارڈز 2026 کے پاکستان ایڈیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو تیز کرنے اور ملکی معیشت کی بحالی میں ٹیکنالوجی کے کردار کو مؤثر بنانے کیلئے حکومت، نجی شعبے اور ٹیکنالوجی کی قیادت کے درمیان مضبوط شراکت داری پر زور دیا، ایک روزہ اجلاس کا انعقاد گلوبل سی آئی او فورم نے آئی ٹی سی این ایشیا کے اشتراک سے کیا،جس میں پاکستان بھر سے تقریباً ایک ہزار اعلیٰ سطح کے ٹیکنالوجی رہنماؤں، سائبر سکیورٹی ماہرین، ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ کاروباری شخصیات،اختراع کاروں اور کارپوریٹ اداروں کے اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ بیرون ملک مقیم پاکستانی نژاد ٹیکنالوجی ماہرین نے شرکت کی۔ملک کی ٹیکنالوجی قیادت اور ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل صلاحیتوں کے حامل نوجوانوں کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علی راشد نے کہا کہ اجلاس میں ٹیکنالوجی سے وابستہ نوجوانوں اور ماہرین کی غیر معمولی شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان کے پاس باصلاحیت اور ہنر مند ٹیکنالوجی ماہرین کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جو عالمی ٹیکنالوجی کے میدان میں ملک کی پوزیشن بہتر بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے کالجوں اور جامعات کے طلبہ کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم اور فنی تربیت کے پروگرام شروع کیے ہیں تاکہ جدید اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بڑھتی ہنرمندی کی کمی کو پورا کیا جاسکے۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...