سپرنیٹ ٹیکنالوجیز نے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا، منافع میں 496فیصد اضافہ

سپرنیٹ ٹیکنالوجیز نے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا، منافع میں 496فیصد اضافہ

کراچی (بزنس ڈیسک)سپرنیٹ ٹیکنالوجیز لمیٹڈنے 30 جون 2026 کو ختم ہونے والے سال کے دوران 467 ملین روپے کا مجموعی بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا جو گزشتہ سال کے 78 ملین روپے کے مقابلے میں 496 فیصد زیادہ ہے۔

فی حصص آمدنی بھی 1.39 روپے سے بڑھ کر 4.03 روپے ہوگئی جبکہ مجموعی آمدنی 4,891 ملین روپے سے بڑھ کر 8,080 ملین روپے ہوگئی۔گروپ کی بہتر مالی کارکردگی میں سپرنیٹ لمیٹڈ کے سپرنیٹ ٹیکنالوجیز لمیٹڈ میں انضمام کے بعد آپریشنز کو مربوط کرنے ، آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے اور اخراجات پر مؤثر کنٹرول نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ اس دوران ٹیلی کمیونیکیشن اور ٹیکنالوجی کے بنیادی کاروبار کو بھی مزید مضبوط کیا گیا۔کمپنی کا مجموعی منافع 894 ملین روپے سے بڑھ کر 1,940 ملین روپے ہوگیا جبکہ مجموعی منافع کا مارجن 18.28 فیصد سے بڑھ کر 24 فیصد ہوگیا۔ آپریٹنگ منافع 841 ملین روپے رہا، جبکہ آپریٹنگ مارجن 9.68 فیصد سے بڑھ کر 10.41 فیصد ہوگیا۔بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مالی سال 2026 کے لیے انضمام کے بعد پہلی بار 0.25 روپے فی شیئر کیش ڈیوڈنڈ کی سفارش بھی کی ہے ۔سپرنیٹ لمیٹڈ اور سپرنیٹ ٹیکنالوجیز لمیٹڈ کا انضمام مکمل ہونے کے بعد گروپ ایک ہی کمپنی کے طور پر کام کررہا ہے ، جبکہ سپرنیٹ ٹیکنالوجیز لمیٹڈ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے مین بورڈ پر لسٹڈ ہے۔

گروپ نے ٹیلی کمیونیکیشن انفرااسٹرکچر، کنیکٹوٹی، انٹرپرائز سلوشنز اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اپنی کاروباری پوزیشن کو مزید مستحکم کیا۔انفرادی بنیادوں پر بھی سپرنیٹ ٹیکنالوجیز لمیٹڈ کی مالی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی۔ کمپنی کی آمدنی 3,602 ملین روپے سے بڑھ کر 5,730 ملین روپے ہوگئی، جبکہ گزشتہ سال کے 83 ملین روپے کے بعد از ٹیکس خسارے کے مقابلے میں اس سال 288 ملین روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل ہوا۔ فی حصص آمدنی بھی 1.55 روپے کے خسارے کے مقابلے میں بڑھ کر 2.68 روپے ہوگئی۔مالی سال 2026 کے اختتام کے بعد کمپنی نے 10 روپے فی شیئر کے حساب سے 914.77 ملین روپے کا رائٹس ایشو کامیابی سے مکمل کیا اور مکمل ہدف حاصل کرلیا۔ اس سے کمپنی کی ورکنگ کیپٹل ضروریات، بڑے منصوبوں اور ترقی و توسیع کے لیے مالی صلاحیت مزید مستحکم ہوئی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...