فیڈریشن آف پاکستان چیمبر نے پانی ذخائر ناگزیر قرار دیدیئے
ربیع سیزن میں25فیصد کمی تشویشناک، صنعتی ضروریات متاثر ہوئیں، شاہد عمران
لاہور (اے پی پی)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے فوڈ کے کنوینر شاہد عمران نے صنعتی اور زرعی شعبوں کی مسلسل بڑھتی ضروریات پوری کرنے کیلئے ترجیحی بنیاد پر پانی کے ذخائر تعمیر کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے ۔ اتوار کو لاہور میں بارش کے پانی کا تحفظ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں ربیع سیزن میں تقریباً25 فیصد پانی کی کمی ایک سنگین تشویش کا باعث ہے ، جس سے صنعتی ضروریات متاثر ہوئیں، جو 2021 کے بعد سب سے کم پانی کی دستیابی ہے ۔ پانی کی اس کمی سے آئندہ گندم کی فصل بھی شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے ، جبکہ گندم پہلے ہی دباؤ کا شکار بنیادی غذائی فصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سیزن میں گندم کی پیداوار 29.7 ملین ٹن کے ہدف کے مقابلے میں کم ہوکر 27.5 ملین ٹن رہی، جبکہ ملکی کھپت تقریباً 32 ملین ٹن تھی، جس کے باعث گندم درآمد کرنا پڑی۔ شاہد عمران نے کہا کہ ماحولیاتی ضروریات کا درست تخمینہ لگا کر انہیں منصوبہ بندی کا لازمی حصہ بنایا جانا چاہیے ۔ حکومت کو آبپاشی کے نظام کی کارکردگی بہتر بنانے اور پانی کے تحفظ کے لیے سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی مشکلات کا شکار چھوٹے اور غریب کاشتکاروں کو کئی دہائیوں کی ادارہ جاتی غفلت کی قیمت ادا کرنے پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے ۔ موسمیاتی تبدیلی کے باعث پانی کی دستیابی مزید غیر یقینی ہورہی ہے ، جبکہ آبادی اور خوراک کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments