بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر3فیصد اضافہ ریکارڈ
گاڑیوں اور ملبوسات کی صنعتوں کی پیداواری سرگرمیوں میں بھی بہتری دیکھی گئی
کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان کی معیشت میں نئے مالی سال کے آغاز پر بحالی کے ابتدائی آثار نمایاں ہونے لگے ہیں تاہم سرمایہ کاری کی رفتار تاحال کمزور ہے اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے جاری مالیاتی جائزے کے مطابق نئے مالی سال کے پہلے ماہ میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گاڑیوں اور ملبوسات کی صنعتوں میں پیداواری سرگرمیوں میں بہتری دیکھی گئی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2027ء کے ابتدائی دو ماہ کے دوران گاڑیوں کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 41 فیصد نمایاں اضافہ ہواجبکہ ملک بھر میں سیمنٹ کی طلب میں بھی بہتری کے آثار سامنے آئے ہیں۔ اسی عرصے میں مشینری کی درآمدات میں 29 فیصد اضافہ ہوا، جو صنعتی سرگرمیوں اور مستقبل کی سرمایہ کاری میں ممکنہ بہتری کی جانب اشارہ ہے او آئی سی سی آئی کے مطابق کاروباری سرگرمیوں میں بہتری کے باعث نجی شعبے کے قرضوں کی نمو 12.9 فیصد تک پہنچ گئی، تاہم بلند شرح سود کے باعث صنعتوں کے لیے نئی سرمایہ کاری اب بھی مشکل ہے دوسری جانب مسلسل مہنگائی نے صارفین کی قوت خرید کے ساتھ ساتھ کاروباری لاگت کو بھی متاثر کیا ہے علاوہ ازیں رپورٹ میں مزیدکہا گیا ہے کہ ٹیکسوں، معاشی پالیسیوں اور مجموعی کاروباری ماحول نے سرمایہ کاری کے فیصلوں کو متاثر کیے رکھا ہے او آئی سی سی آئی کے مطابق اگر ملک میں سازگار اور مستحکم کاروباری ماحول فراہم کیا جائے تو نئی سرمایہ کاری کے ذریعے معاشی سرگرمیوں اور قومی اقتصادی نمو کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دیا جاسکتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments