وافی انرجی نے تیسری سہ ماہی کے مالی نتائج کا اعلان کر دیا
6,558 ملین روپے منافع،فی حصص 4 روپے ڈیویڈنڈ دینے کا اعلان
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ (ڈبلیو ای پی ایل)کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 30 ستمبر 2026 کو ختم ہونے والے نو ماہ کے مالی نتائج کا اعلان کر دیا ۔ کمپنی نے رواں سال کے پہلے نو ماہ میں بعد از ٹیکس ادائیگی 6,558 ملین روپے منافع حاصل کیا جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں یہ منافع 3,030 ملین روپے تھا۔ ان نتائج کا اعلان ایسے وقت میں کیا گیا جب عالمی تیل کی منڈیوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ، رسد سے متعلق دباؤ اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے مشکل حالات برقرار ہیں۔ کمپنی نے فی حصص 4 روپے ڈیویڈنڈ دینے کا اعلان بھی کیا ہے ۔اس عرصے کے دوران وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ نے اپنے ریٹیل نیٹ ورک میں توسیع کا سلسلہ جاری رکھا اور شیل کے 54 نئے مراکز، شیل سیلیکٹ کے 26 اسٹورز اور الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ کے لیے شیل ری چارج کے 9 نئے مقامات کا اضافہ کیا۔
کمپنی نے اپنی کنزیومر اور صنعتی لیوبریکنٹس کی مصنوعات اور صارفین کے ساتھ رابطے کے ذریعے مختلف شعبوں میں انہیں خدمات فراہم کرنا جاری رکھا۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زبیر شیخ نے کہا کہ رواں سال کے پہلے نو ماہ کے دوران ہم نے اپنے کاروبار کو وسعت دینے اور مارکیٹ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ مشکل کاروباری حالات کے باوجود ہم نے اپنے ریٹیل نیٹ ورک میں توسیع کی اور صارفین کی بہتر خدمت کے لیے ایندھن کے علاوہ دیگر مصنوعات اور ریٹیل سہولیات کی فراہمی میں اضافہ کیا۔ مجھے اپنی ٹیم کی کامیابیوں اور اس کے عزم پر فخر ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments