مریم نواز کا سٹروک ڈے پر 5 ارب روپے کے اضافی فنڈز دینے کا اعلان
فالج کے کسی مریض کا علاج فنڈز کی کمی سے نہیں رکنے دینگے :سٹروک کارڈ تقسیم کرنیکی تقریب سے خطاب کاروباری ماحول کی بہتری کیلئے ڈیجیٹلائزیشن سمیت تمام اقدامات اٹھارہے ،وصدر لاہور چیمبر سے گفتگو
لاہور (دنیا نیوز،آن لائن،مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوا ز نے سٹروک ڈے پر 5ارب روپے کے اضافی فنڈز دینے ،جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ہارٹ ٹرانسپلانٹ سرجری جلد شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے ورلڈ سٹروک ڈے کی مناسبت سے پنز /جنرل ہسپتال میں منعقدہ تقریب میں شرکت اور سٹروک کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ فالج کے کسی مریض کا علاج فنڈز کی کمی کی وجہ سے نہیں رکنے دیں گے ، لوگوں کی بھلائی اور بہتری کیلئے اختیار ملنا اللہ تعالیٰ کا انعام ہے ، ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر سٹروک سنٹر، کارڈیک، پیڈیاٹرک سنٹر اور کینسر ہسپتال بنائیں گے ۔قبل ازیں انہوں نے پنز آئی سی یو اور کنٹرول روم کا دورہ کیا اور آپریشن تھیٹرکی گیلری سے نیوروسرجریز کا مشاہدہ کیا، پنزنیورالوجی کے انچارج ڈاکٹر قاسم بشیراور پنز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر آصف بشیر نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے مزید کہا کہ فالج کے مریضوں کے علاج کیلئے درکار فنڈز کی ضرورت کے بارے میں براہ راست مجھے بتایا جائے ،پنجاب میں کروڑوں لوگ بہتر معیار زندگی اور روزگار کیلئے دوسرے صوبوں سے بھی آتے ہیں، پنجاب میں کروڑوں لوگ تعلیم اور صحت کیلئے حکومت کے منتظر ہوتے ہیں ، فالج کی علامات نظر آنے پر فوری طور پر 1122 کو کال کرکے طلب کریں ۔ مریم نواز نے کہا کہ فالج کے مریض سے صرف ایک شخص ہی نہیں پوری فیملی متاثر ہوتی ہے، فالج میں لگنے والے 3 لاکھ کے انجکشن کو غریب نہیں خرید سکتا ، فالج کے مریض کیلئے رحیم یار خان سے لاہور آنا آسان کام نہیں، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے چند ماہ میں پرائمری سٹروک سنٹر بن چکا ، 40پرائمری سٹروک سنٹر آپریشنل ہوچکے ، 15 مزید بنیں گے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاہور میں دنیا کا سب سے بڑا کینسر ہسپتال بنا رہے ہیں، جہاں غریب کا علاج مفت ہوگا،آخری سٹیج کے مریضوں کی تکلیف کی شدت کم کرنے کیلئے کینسر ہسپتال میں پین مینجمنٹ سنٹر بھی بنارہے ہیں۔ 20 اضلاع میں دل کے امراض کے علاج کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ کیتھ لیب قائم ہوں گی، آٹھ نو اضلاع میں بن چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنز /جنرل ہسپتال، آر آئی سی راولپنڈی اور شیخ زید ہسپتال میں سٹروک پیشنٹ کا علاج کیا جارہا ہے ، کون سوچ سکتا تھا کہ ساؤتھ پنجاب میں برین سرجیکل انٹروینشن کی جاسکتی تھی، ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد کے ہسپتالوں میں بھی شروع کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ڈویژن میں پیڈیاٹرک سنٹر بنائیں گے تاکہ بچوں کی تکلیف کی صورت میں والدین کو لاہور نہ آنا پڑے ، میانوالی میں چھت سے گرنے والی خاتون کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے لاہور لاکر علاج کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 100ارب روپے کی فری میڈیسن دی گئیں ، دیگر صوبوں سے آنے والے بچوں سمیت 15 سے 16 ہزار مریض بچوں کی کارڈیک سرجری کی گئی، اگر کوئی بچہ پنجاب میں باہر سے آئے تو علاج سے انکار نہیں کیا جاتا، اپنے ملک اور اپنے ڈاکٹرز پر اعتماد کریں،اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان میں اب یورپ کے لیول سے بہتر علاج ہورہا ہے ،کڈنی لیورآرگن ٹرانسپلانٹ جیسی مہنگی سرجری سے ہزاروں لوگ مستفید ہوچکے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ اتنی بڑی آبادی کے حامل صوبے کی وزارت اعلیٰ آسان نہیں ، جب اللہ ایسا عہدہ دیتا ہے تو یہ خوش قسمتی بھی ہوتی ہے ،سٹروک پروگرام عام عوام کیلئے شروع کیا جا رہا ہے ، صحت کے شعبے پر جتنا کام اب ہو رہا پہلے کبھی نہیں کیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب میں 40 سٹروک سنٹر بشمول 38 پرائمری سٹروک سنٹر اور 2 مکمل سٹروک سنٹر بن چکے ، پنجاب میں 26 لاکھ ڈائیلسز اور 2400 کارڈیک سرجریز بھی کی جاچکی ہیں ، وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب کو میڈیکل ایکسی لینس ہب بنارہے ہیں۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے لاہور چیمبر کے صدر علی حسام اصغر نے ملاقات کی ، علی حسام اصغر نے ڈسٹرکٹ اکانومی ، پیرا فورس ، قواعد و ضوابط میں مجوزہ ترامیم، کاروباری برادری کی بہتری سے متعلق امور پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل ، صنعت و تجارت کی ترقی اور کاروباری ماحول کی بہتری کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، پنجاب کو کاروبار دوست صوبہ بنانے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے ۔مریم نواز نے علی حسام اصغر کو لاہور چیمبر کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی کی راہ میں حائل سرخ فیتے اور انتظامی رکاوٹوں کو دور کیا جا رہا ہے تاکہ کاروباری ادارے زیادہ مؤثر انداز میں کام کر سکیں اور سرمایہ کاروں کو پنجاب میں نئے مواقع میسر آئیں، کاروباری برادری سے متعلق قابلِ عمل تجاویز اور سفارشات پر غور کرکے ان پر عمل درآمد کے لیے اقدامات کیے جائیں گے ۔ حسام اصغر نے پنجاب حکومت کے عوام دوست اقدامات کو سرا ہا ۔ ادھر وزیراعلیٰ پنجاب نے پنڈی بھٹیاں کے قریب ٹریفک کے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے جبکہ زخمی مسافروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments