تجارتی خسارہ 16فیصد بڑھ کر 14ارب ڈالر سے تجاوز
برآمدات میں 8.52، درآمدات میں 12.59فیصد اضافہ ریکارڈ
اسلام آباد( این این آئی)رواں مالی سال کے پہلے 4ماہ میں تجارتی خسارے میں تقریباً 16فیصد اضافہ ہوگیا۔ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا اکتوبر تجارتی خسارہ 14 ارب 62کروڑ 80لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا۔ سالانہ بنیاد پر تجارتی خسارے میں 2ارب ڈالر سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ مالی سال اسی مدت میں تجارتی خسارہ 12ارب 61کروڑ 40لاکھ ڈالر تھا۔ رپورٹ کے مطابق ماہ میں برآمدات 11.33ارب ڈالر، درآمدات 25.96 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا، برآمدات میں 8.52 فیصد، درآمدات میں 12.59فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ستمبر کے مقابلے اکتوبر میں برآمدات 2.84 فیصد اضافے سے 2.92 ارب ڈالر رہیں، اس دوران درآمدات 5.72فیصد اضافے سے 6.80ارب ڈالر رہیں۔اکتوبر میں ماہانہ بنیاد پر تجارتی خسارہ 10.30فیصد اضافے سے 3.87ارب ڈالر رہا، اکتوبر 2025ء کے مقابلے تجارتی خسارہ 19.70فیصد تک بڑھ گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments