کپاس کی پیداوار میں کمی، کاٹن و جننگ انڈسٹری مشکلات کا شکار
سندھ ، پنجاب میں روئی کی قیمت15500سے 18500روپے من رہی حکومتی عدم توجہی اور فرسودہ ٹیکنالوجی پیداوار میں کمی کی بڑی وجوہات قرار
کراچی(این این آئی)کپاس کی پیداوار میں مسلسل کمی، پیداواری لاگت میں اضافے اور حکومتی عدم توجہی کے باعث کاٹن اور جننگ انڈسٹری مشکلات سے دوچار ہے جبکہ کپاس کے روایتی پیداواری علاقوں میں شوگر ملز کے قیام سے مستقبل میں کپاس کی کاشت مزید متاثر ہونے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب ٹیکسٹائل برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 6.23 فیصد اضافہ صنعتی شعبے کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا جا رہا ہے ۔کاٹن سیکٹر کے ماہر احسان الحق کے مطابق کپاس کی پیداوار میں کمی کی بڑی وجوہات میں حکومتی عدم توجہی، مہنگے زرعی مداخل، فرسودہ ٹیکنالوجی اور کپاس کے علاقوں میں شوگر ملز کا قیام شامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سندھ کے اہم کپاس پیدا کرنے والے علاقوں گھوٹکی، میرپور ماتھیلو، ڈہرکی اور اوباڑو میں شوگر ملز کے قیام سے آئندہ سیزن میں کپاس کی کاشت متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے روئی کے بھاؤ مجموعی طور پر مستحکم رہے ، تاہم روئی کے معیار میں کمی کے باعث ٹیکسٹائل اسپنرز محتاط خریداری کر رہے ہیں اور کاروباری سرگرمیاں محدود ہو رہی ہیں۔ سندھ اور پنجاب میں روئی کی قیمت کوالٹی اور ادائیگی کی شرائط کے مطابق 15 ہزار 500 سے 18 ہزار 500 روپے فی من رہی جبکہ پھٹی کے نرخ 7 ہزار سے 9 ہزار 200 روپے فی 40 کلوگرام تک ریکارڈ کیے گئے ۔ اسپاٹ ریٹ 17 ہزار 800 روپے فی من پر برقرار رکھا۔ماہرین کے مطابق افغانستان سے پاکستان کو سالانہ تقریباً 8 لاکھ گانٹھیں روئی درآمد ہوتی تھیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments