دھان کی فصل میں کھاد کا متناسب استعمال ناگزیر ہے ، ڈاکٹر عابد
کھادوں میں پائے جانے والے غذائی اجزاء کے بغیر اچھی پیداوار کا حصول ناممکن ہے
فیصل آباد (سپیشل رپورٹر) اسسٹنٹ سائل کیمسٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ ڈاکٹر عابد نیاز نے بتایا ہے کہ دھان کی اچھی پیداوار کیلئے کھادوں کا بروقت اور متناسب استعمال انتہائی ضروری ہے کیونکہ کھادوں میں پائے جانے والے غذائی اجزاء یعنی نائٹروجن، فاسفورس، پوٹاشیم، زنک اور بوران پودوں کی نشوونما کیلئے بہت اہم ہیں اور ان کے بغیر اچھی پیداوار کا حصول ناممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چاول کی باسمتی اقسام کے لیے کھاد کی مقدار 55 کلو نائٹروجن، 32 کلو فاسفورس اور 25 گرام پوٹاش ہے جو پونے 2 بوری یوریا، ڈیڑھ بوری ڈی اے پی اور ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ سے حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کاشت کاروں کو سفارش کی ہے کہ وہ فاسفورس اور پوٹاش کھادوں کی ساری مقدار زمین کی تیاری کے وقت ڈال دیں جبکہ نائٹروجنی کھاد پنیری کی منتقلی کے بعد دو سے تین اقساط میں استعمال کریں۔