پارکوں میں خطرناک جھولے ،حکام کارروائی سے گریزاں

پارکوں میں خطرناک جھولے ،حکام کارروائی سے گریزاں

وزیراعلیٰ کے احکامات نظرانداز،وارث پورہ و غیرہ میں جھولے خوف کی علامت بن گئے

فیصل آباد(سپیشل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات نظر انداز ہوگئے ،اہم تفریحی مقامات پر غیر معیاری جھولوں کی تنصیب برقرار جبکہ میونسپل کارپوریشن حکام کارروائی سے گریزاں ہیں۔ذرائع کے مطابق لوکل گورنمنٹ کی جانب سے میونسپل کارپوریشن حکام کو تفریحی مقامات پر نصب جھولوں، پائیریٹ بوٹس،سلائیڈنگ و دیگر نوعیت کے پنگھوڑوں کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹ لازم قرار دیا گیا تھا تاہم غیر معیاری جھولوں کی چیکنگ کیلئے اقدامات اٹھائے گئے نہ ہی سرکس میلوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔فیصل آباد کے علاقے وارث پورہ،جھنگ روڈ،اقبال سٹیڈیم،کشمیر پارک،نڑوالا بنگلہ و دیگر مقامات پر لگائے گئے جھولے خوف کی علامت بن چکے ہیں تاہم انہیں ریگولیٹ کرنے کیلئے کوئی ادارہ ذمہ داری قبول کرنے کو تیار نہیں۔ وارث پورہ اور نڑوالا بنگلہ میں کرسمس ڈے کے پیش نظر کھلے عام سرکس جاری ہے اور مذکورہ مقامات پر کشتی ،پینگیں،پنگھوڑے اور 60فٹ اونچائی تک جانے والے جھولے بھی نصب ہیں جو کسی بڑے سانحہ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں