پولیس بھرتیوں کیلئے جسمانی ٹیسٹ شروع
ضلعی پولیس،سپیشل پروٹیکشن یونٹ ، پٹرولنگ پولیس میں بھرتی کیلئے 28 ہزار262 امیدواروں کا فزیکل ٹیسٹ چار دنوں میں لیا جائیگا، دوڑ کا ٹیسٹ 4 روز بعد ہو گا
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)فیصل آباد پولیس میں بھرتی کے پہلے مرحلے کا باضابطہ آغاز کردیا گیا، مجموعی طور پر ضلعی پولیس،سپیشل پروٹیکشن یونٹ اور پٹرولنگ پولیس میں بھرتی کیلئے 28 ہزار262 امیدواروں کا فزیکل ٹیسٹ چار دنوں میں لیا جائے گا،پہلے روز چھ ہزار امیدواروں کے قد اور چھاتی کی پیمائش کی گئی،قد اور چھاتی کے ٹیسٹ میں پاس امیدواروں کا دوڑ ٹیسٹ چار روز بعد شروع ہوگا۔ فیصل آباد میں پہلے روز پولیس لائنز میں 6 ہزار امیدواروں کے قد اور چھاتی کی پیمائش ہوئی،بھرتی ضلعی ،پٹرولنگ پولیس اور سپیشل پروٹیکشن یونٹ میں کی جارہی ہے اس حوالہ سے پولیس لائن کے عقب میں کرنل(ر)شجاع خانزادہ روڈ کو عام ٹریفک کیلئے بند کرکے امیدواروں کے انٹری پوائنٹ کیلئے مختص کیا گیا ہے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ امیدواروں کی جانب سے جعلسازی کرنے کے معاملات کی پکڑ دھکڑ کیلئے بھی سپیشل ٹیم لگائی گئی ہے جو دستاویزات کی چیکنگ کررہی ہے۔ ایس پی ایڈمن اینڈ سکیورٹی مرزا انجم کمال کاکہنا ہے کہ بھرتی کا عمل شفاف طورپر مکمل کیا جارہا ہے ۔