پولیس ویلفیئر ہسپتال بنیادی سہولیات سے محروم

پولیس ویلفیئر ہسپتال بنیادی  سہولیات سے محروم

چیک اپ کی سہولت نہ ہی ابتدائی طبی امداد کا انتظام، ڈسپنسری میں ادویات بھی ختم، اہلکاروں کونجی یا سرکاری ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)پولیس لائن کمپلیکس میں موجود پولیس ویلفیئر ہسپتال بے یارو مددگار ہوگیا، نہ چیک اپ کی سہولت نہ ہی ابتدائی طبی امداد کا کوئی انتظام، ڈسپنسری میں ادویات بھی ختم، پولیس ملازمین کو ہنگامی صورتحال میں سرکاری و نجی ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے ۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد کی طارق مجاہد پولیس لائن میں قائم پولیس ویلفیئر ہسپتال دوتین کمروں پر مشتمل ہیں جہاں پر بیڈز تو لگائے گئے ہیں لیکن ڈاکٹر موجود نہیں ہے ۔ ڈسپنسری بنائی گئی ہے لیکن فارماسسٹ و ڈسپنسر موجود نہیں ہے ۔ پولیس لائن ہسپتال میں کسی بھی طبی ایمرجنسی کی صورت میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کا کوئی انتظام موجود نہیں ہے جبکہ پولیس لائن میں ہر وقت مقیم رہنے والے 1500 سے زائد اہلکاروں کو پیش آنے والے طبی مسائل پر ان کو مقامی نجی ہسپتالوں یا سرکاری ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے ۔ سی پی او فیصل آباد محمد سہیل چودھری نے گزشتہ برس اس ہسپتال کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس پر کاغذی کارروائیاں بھی ہوتی رہیں لیکن وقت کے ساتھ ساتھ یہ منصوبہ بھی فائلوں کی نذر ہوگیا اور اب اس ہسپتال کی صورت حال انتہائی خراب ہوچکی ہے پولیس ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس لائن کے پولیس ویلفیئر ہسپتال کو تمام بنیادی طبی سہولیات، ڈاکٹرز، نرسز، عملہ کے ساتھ ساتھ ایمرجنسی کی سہولت کے ساتھ اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنایا جائے تاکہ پولیس ملازمین کی مشکلات کا ازالہ ہوسکے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں