دیواروں پر ذومعنی فقرے ،طلبا کیخلاف کارروائی نہ ہوسکی

 دیواروں پر ذومعنی فقرے ،طلبا کیخلاف کارروائی نہ ہوسکی

ویڈیوز ، تصاویر کے باوجود پو لیس سمیت خفیہ ادارے سراغ لگانے میں ناکام عوامی حلقوں کی صورتحال پر تشویش،گرفتارکرکے سخت کارروائی کامطالبہ کردیا

ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نامہ نگار) مقامی پولیس کی طرف سے ریلوے انڈر پاس سمیت دیگر سر کاری عمارتوں کی دیواروں پر مختلف رنگوں کی سیاہی سے ذو معنی فقرے لکھ کر قومی املاک کو نقصان پہنچانے والے تعلیمی اداروں کے طلبا کے خلاف کارروائی عمل میں نہیں لا ئی جا سکی ،تفصیلات کے مطابق موسم گرما کی چھٹیوں کے موقع پر مختلف تعلیمی اداروں کے طلبا کی طرف سے ریلوے انڈر پاس اور دیگر سر کاری عمارتوں کی دیواروں پر مختلف رنگوں کی سیاہی سے ذو معنی فقرات لکھ کر اور سیاہی پھینک کر دیواروں کا رنگ و روغن خراب کرتے ہوئے قومی املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا ، جس کے نتیجے میں سرکاری عمارتوں کی دیواریں بد نما ہو کر رہ گئیں تھیں چنانچہ تھانہ سٹی پولیس نے عوامی شکایات پر نامعلوم ملزموں کے خلاف مقد مہ درج کر لیا تھا تاہم ویڈیوز اور تصاویر موجود ہو نے کے باوجود پو لیس سمیت دیگر خفیہ ادارے ان کا سراغ لگانے میں ناکام ہیں ،عوامی حلقوں نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہو ئے اعلیٰ حکام سے انہیں گرفتار کر کے سخت کارروائی عمل میں لا نے کامطالبہ کیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں