پی ایچ اے پارکوں سے بارش کا پانی نکالنے میں ناکام

 پی ایچ اے پارکوں سے بارش کا پانی نکالنے میں ناکام

گھاس تباہی کا شکار ، مکھیوں اور مچھروں کی وجہ سے بیماریاں پھیل رہی ہیں

فیصل آباد(سٹی رپورٹر )شہر اور گردونواح میں گزشتہ ہفتے ہونیوالی بارشوں کا پانی پارکوں میں سے نکالنے میں پی ایچ اے حکام تاحال ناکامی کا شکار ہیں۔ پارکوں میں پانی کے تالاب لگنے سے ناصرف پودے ، گھاس تباہی کا شکار بن رہی ہے بلکہ رہائشی علاقوں میں ان پارکوں میں لگے پانی کے تالابوں میں پیدا ہونے والی مکھیاں اور مچھر بہت سی بیماریوں کا بھی باعث بن رہے ہیں۔ اس کے باوجود پی ایچ اے حکام پانی کی نکاسی کو یقینی بناتے ہوئے پارکوں کی صفائی ستھرائی کروانے میں ناکامی کا شکار ہیں۔ پی ایچ اے کے زیر انتظام چلنے والے 340 سے زائد پارکوں میں گزشتہ ایک ہفتے سے بارش کے پانی کے تالاب لگے ہوئے ہیں۔ جھولے ، بنچ، دروازے ، جنگلے پانی میں ڈوبنے کی وجہ سے زنگ آلود ہوکر خستہ حالی کا شکار بن رہے ہیں جس سے سرکاری خزانے کو نقصان کا بھی سامنا ہے جبکہ رہائشی علاقوں میں قائم ان پارکوں میں لگے بارش کے پانی کے تالابوں کی وجہ سے ان میں پیدا ہونیوالی مکھیاں اور مچھر بیماریوں کے پھیلائو کا بھی سبب بن رہے ہیں۔ دوسری جانب سے بارش کے پانی کے ان تالابوں کی وجہ سے گرمی کی شدت اور حبس میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔ شہریوں کی جانب سے پی ایچ اے حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پانی کی نکاسی کرواتے ہوئے پارکوں کی بہتری اور خوشحالی کو یقینی بنایا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں