اے ڈی سی کی زیرصدارت کوالٹی کنٹرول بورڈ اجلاس

اے ڈی سی کی زیرصدارت کوالٹی کنٹرول بورڈ اجلاس

کسی قسم کی بددیانتی یا بے قاعدگی کو برداشت نہیں کیا جائے گا،محمد خالد

فیصل آباد(نامہ نگارخصوصی)ضلع میں جعلی وغیر معیاری ادویات کی فروخت کے گھناؤنے دھندے کا قلع قمع کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اس ضمن میں تمام تر محکمانہ کارروائی شفاف ہونی چاہیے ،کسی قسم کی بددیانتی یا بے قاعدگی کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز محمد خالد نے ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں ڈرگ انسپکٹرز کی میڈیکل سٹورز/کلینکس کیخلاف کارروائی کی رپورٹس کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا ، سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ روبینہ اختر،ممبرز کمیٹی کیپٹن ڈاکٹر محمد صدیق،غلام صابر اور پنجاب پولیس کے نمائندہ آفیسر بھی موجود تھے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا علاج کے نام پر انسانی صحت سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں لہٰذا جعلی ڈاکٹروں ونیم حکیموں کیخلاف آپریشن کو نتیجہ خیز بنایا جائے تاکہ معاشرے سے اس منفی فعل کا خاتمہ ہوسکے ۔ اجلاس کے دوران میڈیکل سٹوروں اور ان کوالیفائیڈ افراد کی طرف سے چلائے جانیوالے میڈیکل کلینکس کیخلاف محکمانہ کارروائی کے 40کیسز میں قصورواروں کا موقف سنتے ہوئے مستند جواز پیش نہ کرنے پر 32کیسز کو ڈرگ کورٹ ریفر کرنے ،3کووارننگ دینے کے علاوہ ایک سٹور سیل،ایک کیخلاف مقدمہ درج اور3کیسز کو موخر کردیاگیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں