جرائم روکنے کیلئے شرعی سزاؤں کویقینی بنایاجائے :زاہد محمود قاسمی

جرائم روکنے کیلئے شرعی سزاؤں کویقینی بنایاجائے :زاہد محمود قاسمی

زندگی کی فلاح و بہبود کیلئے اسلامی حدبندیوں کاخیال رکھناضروری :مسجد میں خطاب

فیصل آباد(نیوزرپورٹر)چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے مرکزی جامع مسجد گول فیصل آباد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں انسانی زندگی کی فلاح و بہبود کیلئے بعض حد بندیاں ہیں جن کا خیال رکھنا ضروری ہے ،قرآن حکیم میں اللہ اور اس کے رسولﷺ نے حدود اللہ کے بنیادی ارکان واضح کئے ہیں، جو لوگ حدود اللہ سے تجاوز کرتے ہیں قرآن نے انہیں ظالم قرار دیا ہے ، مومن اللہ کی حدود کی حفاظت کرتا ہے اور ہر مومن کے فرائض میں شامل ہے کہ اللہ اوراس کے رسول ﷺ کے احکام کی پاسداری کرے ، حلال و حرام میں تمیز کریں اور شریعت کی حدود کے اندر رہ کر زندگی بسر کریں، حکومت جرائم کی روک تھام کیلئے شرعی سزاؤں کے نفاذ کو یقینی بنائے ، حد شرعی ایسی سزا ہے جو کتاب اللہ اور سنت رسول اللہ ﷺ سے ثابت ہے اس سزا کو جاری کرنے کا اختیار حکومت حاکم اور قاضی کو ہے ، معاشرے کا سماجی ڈھانچہ پانچ چیزوں پر استوار ہوتا ہے اگر ان میں سے کسی ایک میں خلل آجائے تو اس سے معاشرے کی بنیادیں متزلزل ہو جاتی ہیں۔ قرآن و حدیث معاشرے کے ہر فرد کی صحیح اور حقیقی ہدایت و تربیت کا ذریعہ ہیں، قرآن و سنت کی تعلیمات حاصل کرکے معاشرے کا ہر فرد روحانی و اخلاقی بلندیوں کو حاصل کرسکتا ہے ،تربیت اسلامی اور علم صالحین کی مجالس سے حاصل ہوتا ہے ، اہل علم کی تربیت کے بعد اسلامی معاشرے کا ہر فرد اپنے معاشرے کا ایک مفید رکن بن سکتا ہے ۔زاہد محمود قاسمی

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں