حافظ آباد:وکلا کو جیل بھیجنے پر ہڑتال،احتجاجی مظاہرہ کیا گیا

حافظ آباد:وکلا کو جیل بھیجنے پر ہڑتال،احتجاجی مظاہرہ کیا گیا

حافظ آباد(نمائندہ دُنیا،نامہ نگار)سول جج حافظ آباد نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری رائے وقار سمیت دوگرفتار وکلا کو جوڈیشل کرکے جیل بھجوادیا۔۔

 جس کے خلاف ڈسٹرکٹ بار کے وکلاء نے مکمل ہڑتال کرتے ہوئے سرگودھا روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائروں کو آگ لگا کر ٹریفک کوبلاک کردیا۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عمر خضر ہنجرا ایڈوکیٹ نے دیگر وکلا کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رائے وقارکھرل اور رانامحمد مالک کو ڈپٹی کمشنر اور چیف آفیسر ضلع کونسل نے صلح نامہ ہونے کے باوجود دھوکہ دہی سے گرفتارکروایا جبکہ پولیس نے وکلاء کو گرفتارکروانے میں پوری سہولت کاری کی اور اسکے ساتھ ساتھ سیشن جج حافظ آباد اور سیشن جج اٹک کا رویہ بھی قابل مذمت ہے ۔عدلیہ کا ہر پیشی پر پولیس کو سول کپڑوں میں بلاوجہ بلاناقانون کی حکمرانی کی بالادستی سے وکلاء کو روکنے کی کوشش ہے جسے وکلاء کسی صورت قبول نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک عام ملزم اپنی عبوری ضمانت کے لئے سپریم کورٹ تک جاسکتا ہے تو کوئی وکیل کیوں نہیں جاسکتا۔پولیس نے آج تک وکلاء کے خلاف درج کردہ جھوٹے مقدمہ کی کوئی بھی تفتیش نہیں کی،وکلاء اپنے حقوق کے لئے پرامن احتجاج کرتے ہوئے آخری حد تک جائیں گے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں