سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل کی کھلی کچہری،لواحقین کے مسائل سنے

سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل کی کھلی کچہری،لواحقین کے مسائل سنے

اسیروں کی فلاح کیساتھ ملاقاتیوں کو سہولیات کی فراہمی ترجیح ،چودھری اصغر

مکوآنہ(نمائندہ دنیا)سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل چودھری اصغر علی نے بیرون جیل شیڈ میں کھلی کچہری لگاکراسیروں سے ملاقات کے لئے موجود لواحقین کے مختلف نوعیت کے مسائل سنے اور موقع پر موجود جیل افسروں واہلکاروں کو درپیش مسائل کے ازالے کی ہدایت کرتے ہوئے تعمیلی رپورٹ فراہم کرنے کی تاکید کی۔انہوں نے ملاقاتیوں کی طرف سے نشاندہی کردہ مسائل پر میڈیکل آفیسر وپیرامیڈیکل سٹاف کو ضروری ہدایات جاری کیں۔انہوں نے جیل ملازمین کو حکم دیا کہ اسیروں کے لواحقین سے حسن سلوک سے پیش آئیں اور ان کے جائز حقوق کا ہر ممکن خیال رکھا جائے ۔انہوں نے بیرون جیل میں فیملی رومز،وارڈرزلائیز،وارڈر میس میں صفائی کی صورتحال کو چیک کرتے ہوئے صاف ستھرا ماحول ہمہ وقت برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ اسیروں کی فلاح وبہبود کے ساتھ ملاقاتیوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے ۔اس موقع پر جیل افسر وملازمین نے ملاقاتیوں کو سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ لواحقین نے جیل سپرنٹنڈنٹ کی طرف سے بھرپور معاونت اور خوشگوار ماحول کی فراہمی ومسائل کے حل کے سلسلے میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں