ووٹرز کی تصدیق کے عمل کا ہدف حاصل نہ ہو سکا

ووٹرز کی تصدیق کے عمل کا ہدف حاصل نہ ہو سکا

فیصل آ باد میں الیکشن کمیشن کی ٹیمیں مقررہ تاریخ 5 دسمبر تک صرف 60 فیصد ووٹرز کی تصدیق مکمل کر سکیں ،موثر تشہیر بھی نہیں کی گئی

فیصل آباد(انجم ندیم سے )ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن ووٹرز کی تصدیق کے عمل کا ہدف مقررہ وقت میں مکمل نہ کر سکا ، ٹیمیں ایک ماہ کے دوران 89 لاکھ 93 ہزار کی آبادی میں صرف 60 فیصد ووٹرز کی تصدیق کا عمل مکمل کر سکیں، تصدیقی عمل کی آخری تاریخ میں 15 روز کی توسیع کر دی گئی ، پنجاب بھر میں ووٹر لسٹوں کی تصدیق کا عمل 7 نومبر سے شروع کیا گیا ہر ضلع کے الیکشن کمشنر کو ایک ماہ کا وقت دیا گیا جس میں ٹیموں نے گھر گھر جا کر ووٹرز کی فہرستوں کی تصدیق کرنا تھی اور یہ عمل 5 دسمبر کو مکمل ہونا تھا ، اس دوران ووٹرز کی تصدیق کے عمل میں رہائشی پتہ تبدیل کروانے ، انتقال کرنے والے ووٹرز کا نام خارج کر نے سمیت نئے ووٹرز کا نام فہرستوں میں درج کرنا تھا ، تاہم فیصل آباد میں ایک ماہ کے دوران ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کی ٹیمیں صرف 60 فیصد ہدف ہی پورا کر سکیں ، ضلع بھر میں تصدیقی عمل کے لئے 62 اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسرز ، 3031 تصدیق کنندگان اور 899 سپر وائرزر کو تعینات کیا گیا تھا جو سو فیصد ہدف حاصل نہ کر پائے ، 24 نومبر کو تصدیقی عمل کا جائزہ لینے کے لئے صوبائی الیکشن کمشنر غلام اسرار احمد بھی ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کے دفتر آئے اور تمام صورتحال کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا ، اپنے دورے کے دوران وہ پر امید تھے کہ مقررہ وقت میں وہ ووٹر لسٹوں کی تصدیق کا عمل مکمل کر لیں گے ، تاہم ایسا نہ ہو سکا ، ان کے دورے کے دوران اور مہم کے پہلے 20 روز تک صرف 15 فیصد ووٹرز کی تصدیق کا عمل مکمل کیا گیا تھا ، ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن ذرائع کے دعویٰ کے مطابق اگلے 11 روز میں 45 فیصد سے زائد ہدف حاصل کیا گیا تاہم اب ووٹرز لسٹوں کی تصدیق کے عمل میں 21 دسمبر تک کی توسیع کر دی گئی ہے ، رہائشی پتہ تبدیل کروانے اور سرکاری ملازم کو ملازمت کے ضلع میں ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے 57 ہزار کے قریب افراد نے فارم 13 اور 14 وصول کئے ہیں ، دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان ووٹرز کے تصدیقی عمل کی موثر تشہیر نہ کر پایا اور کئی ووٹرز اب تک تصدیقی عمل سے لا علم ہیں ، اس سے قبل 2009 میں ووٹرز کی تصدیق کا عمل کیا گیا تھا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں