کلین اینڈ گرین پروگرم ،40ہزارپودے لگانے کاہدف

 کلین اینڈ گرین پروگرم ،40ہزارپودے لگانے کاہدف

فیصل آباد(نیوزرپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں وزیر اعظم کے کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرم کے تحت گزشتہ سال 34 ہزار سے زائد پودے لگائے گئے تھے جبکہ امسال 40 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس سے سرسبز ماحول کے ساتھ ساتھ آلودگی جیسے مسائل پر بھی قابو پانے میں مدد ملے گی۔

ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے شعبہ اسٹیٹ مینجمنٹ کے تحت گارڈننگ ونگ کے ملازمین کی استعداد کار میں اضافے کیلئے منعقدہ ایک روزہ ورکشاپ سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔

اس موقع پر پرنسپل آفیسر اسٹیٹ مینجمنٹ ڈاکٹر قمر بلال اور ڈاکٹر عدنان یونس نے بھی خطاب کیا۔ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا عالمی سطح پر وقوع پذیر ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔

انہوں نے اسٹیٹ مینجمنٹ کے عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ان کی شبانہ روز انتھک محنت کی وجہ سے زرعی یونیورسٹی کا شمار دنیا کی بہترین گرین یونیورسٹیوں میں ہوتا ہے ڈاکٹر قمر بلال اور ڈاکٹر عدنان یونس نے بھی اس موقع پرخطا ب کیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں