انسداد منشیات بحالی مرکز منظوری کا منتظر

انسداد منشیات بحالی مرکز منظوری کا منتظر

فیصل آباد(انجم ندیم سے )انسداد منشیات بحالی مرکز نہ بننے کے باعث نشہ کے عادی افراد علاج سے محروم ہیں ، گزشتہ سال جولائی میں منصوبہ کی تجویز پنجاب حکومت کو بھجوائی گئی جس کی تا حال منظوری نہ مل سکی ۔

 تفصیلات کے مطابق پاکستان کا تیسرا بڑا شہر اب تک انسداد منشیات مرکز سے محروم ہے ، فیصل آباد کی سڑکوں کے کنارے اور نہر کنارے سمیت ویرانوں میں نشہ کے عادی افراد نشہ کی حالت میں موجود ہوتے ہیں ، کئی پارکس بھی نشہ کے عادی افراد کی آماجگاہ بن چکے ہیں ، یہ افراد کھلے عام اپنی زندگیوں کا خاتمہ کر رہے ہیں ، اکثر نشہ کے عادی افراد زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں تو ان کی تدفین لاوارث کے طور پر کر دی جاتی ہے تاہم حکومت کی جانب سے ایسا کوئی ادارہ موجود نہیں جو ان افراد کو علاج کی سہولت کے ساتھ پناہ دے ۔

تمام متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ، گزشتہ برس مئی میں ڈرگ ری ہبیلی ٹیشن سنٹر کے لئے اولڈ ایج ہوم سے ملحقہ جگہ کا تعین کیا گیا اور جولائی میں اس منصوبہ کی تجویز پنجاب حکومت کو منظوری کیلئے بھیجی گئی مگر اب تک یہ منصوبہ منظور نہیں ہو سکا ۔

ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ناصر چدھڑ کے مطابق منصوبہ منظوری کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے ، منصوبہ میں تاخیر کی بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ حکومت پنجاب تا حال اس بات کا فیصلہ نہیں کر سکی کہ ڈرگ ری ہیبلی ٹیشن سنٹر کی ذمہ داری محکمہ صحت کے سپرد کی جائے یا محکمہ سوشل ویلفیئر کو سونپی جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں