خطرناک اشتہاری شہریوں کیلئے خوف کی علامت، تعداد 15 ہزار سے زیادہ، پولیس پکڑنے میں ناکام

خطرناک اشتہاری شہریوں کیلئے خوف کی علامت، تعداد 15 ہزار سے زیادہ، پولیس پکڑنے میں ناکام

فیصل آباد(عبدالباسط سے )فیصل پولیس حکام، افسر اور ملازمین کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے قتل، اقدام قتل، تاوان، بھتہ خوری، ڈکیتی، چوری، راہزنی، نوسربازی اور منشیات فروشی سمیت دیگر جرائم کے مقدمات میں اشتہاری ملزموں کی تعداد 15ہزار سے بھی تجاوز کرگئی ہے ۔

خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے بہتر اقدامات عمل میں نہ لائے جانے کی وجہ سے خطرناک اشتہاری ملزمان نہ صرف شہریوں کیلئے خوف کی علامت بنے ہوئے ہیں بلکہ ڈکیتی، چوری، راہزنی ، قتل، اقدام قتل، اغوا، بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان، اور منشیات فروشی سمیت دیگر جرائم کی وارداتوں کی شرح میں بھی تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ۔ جس کی وجہ سے شہریوں کو اپنے گھروں سے باہر نکلنا بھی محال ہے ۔

پولیس افسر اور ملازمین اشتہاریوں کی گرفتاری کو یقینی بنانے کی بجائے مبینہ طور پر بوگس رپورٹ ارسال کرتے ہوئے حکام کو سب اچھا ہے کی کارکردگی ظاہر کرنے میں مصروف ہیں۔فیصل آباد میں ضلعی پولیس حکام، افسران اور ملازمین کی غفلت کی وجہ سے مفرور اشتہاری ملزمان کی تعداد میں دن بدن تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔ اشتہاری ملزموں کی گرفتاری کے لیے پولیس حکام افسر اور ملازمین کی جانب سے کی جانب کی جانے والی میٹنگ کے دوران متعدد بار حکمت عملی تیار کی گئی ۔

لیکن کوئی بھی طریقہ کارگر ثابت نہ ہوسکا ۔ ذرائع کے مطابق ضلع فیصل آباد کے مختلف جرائم کے مقدمات میں 15 ہزار پانچ سو سے زائد اشتہاری ملزمان پولیس کی حراست سے دور ہیں۔ پولیس کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر کی جانے والے ناکہ بندی، موبائل گشت اور دیگر تمام تر حکمت عملی کے باوجود بھی صرف 700 اشتہاری ملزموں کو حراست میں لیا جا سکا ہے ۔ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اشتہاری ملزمان کو موبائل نمبر، اور دیگر طریقوں سے ٹریس کر کے گرفتار کرنے کی بجائے مبینہ طور پر ان کے رشتہ داروں، عزیزواقارب اور دوستوں کو حراست میں لے کر بوگس مقدمات کا اندراج کرتے ہوئے حکام کو بوگس رپورٹس ارسال کردی جاتی ہیں۔

جبکہ اصل اشتہاری ملزموں کی گرفتاری کے لیے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے جاتے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں مجموعی طور پر مفرور اشتہاریوں کی تعداد 15ہزار 500 سے بھی تجاوز کرچکی ہے ۔سٹی پولیس آفیسر غلام مبشر میکن کہتے ہیں کہ اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے بہتر اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں