مزدوروں کا بھی حکومت کیخلاف احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ

مزدوروں کا بھی حکومت کیخلاف احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)پاورلومز مالکان کے بعد مزدوروں کا بھی حکومت کیخلاف احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ ۔

پاورلومز بند کی گئیں تو مالکان کے خلاف بھی تحریک چلائیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق لیبر قومی موومنٹ کے چیئرمین بابالطیف کا کہنا ہے فیصل آباد شہر سے تحریک انصاف کے 4 ایم این اے منتخب ہوئے جن میں فرخ حبیب ، راجہ ریاض ، شیخ خرم شہزاد اور فیض اللہ کموکا شامل ہیں جن کے علاقوں میں لاکھوں کی تعداد میں پاورلومز یونٹ موجود ہیں جہاں سے لاکھوں ورکرز کا بالواسطہ یا بلاواسطہ روزگار چلتا ہے جبکہ حکومت نے انرجی سیکٹر اور دیگر تمام ریلیف ایکسپورٹ انڈسٹری کو دیا ہے جبکہ ایس ایم ای سیکٹر کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا ہے ۔

مختلف سیکٹرز سے تعلق رکھنے والے پاورلومز مالکان نے بجلی کی فی یونٹ قیمت 34 روپے تک پہنچنے پر ہفتہ میں 2 اور کئی نے 3 روز تک لومز بند کرنے کا اعلان کردیا ہے جن کا کہنا ہے کپڑے کی پیداواری لاگت اس قدر بڑھ چکی ہے کے لومز چلانا ناممکن بنتا جارہا ہے ، بابالطیف نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایس ایم ای سیکٹر کو بجلی پر ریلیف اور یارن پر سٹہ روکنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں ورنہ مزدور بھی سڑکوں پر نکل آئیں گے انکا مزید کہنا ہے مالکان نے فیکٹریاں بند کیں تو مزدوروں کے پاس سڑکوں پر آنے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں بچے گا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں