مزدور کارڈ کو احساس پروگرام کیساتھ منسلک کرنیکا فیصلہ
فیصل آباد(جنرل رپورٹر)مزدوروں کیلئے بہتری کی امید جاگ اٹھی۔
مزدور کارڈ کو صحت سہولت کارڈ نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم احساس پروگرام کے ساتھ منسلک کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا تفصیلات کے مطابق محکمہ لیبر نے مزدوروں کی بہتری کیلئے مزدور کارڈ کے ذریعے کم نرخوں پر اشیا ضروریہ کی فراہمی کیلئے مختلف کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے محکمہ لیبر کا معاہدہ طے پانے کے بعد مزدور طبقے کو مختلف سہولیات میسر آئینگی مزدور کارڈ کے ذریعے مزدور طبقہ صوبہ بھر میں 23 سوشل سکیورٹی ہسپتالوں اور 250 میڈیکل سنٹرز پر سہولیات حاصل کرسکے گا ۔
مزدور کارڈ کے ذریعے مزدور کو 15 ہزار روپے ماہانہ کی بچت ہوسکے گی۔ تعلیمی اداروں میں مزدوروں کے بچوں کیلئے بذریعہ کارڈ فیس کی ادائیگی میں 50 فیصد تک رعایت دی جائیگی، کپڑوں اور جوتوں کی خریداری ،میڈیکل ٹیسٹ اور ضرویات زندگی کے دیگر سامان خریداری پربھی 50 فیصد تک رعایت مل سکے گی۔