گندم کے بعد دالوں کا بحران پیدا کیا جا رہا :محبوب الزماں

 گندم کے بعد دالوں کا بحران پیدا کیا جا رہا :محبوب الزماں

فیصل آباد(نیوزرپورٹر)جماعت اسلامی کے رہنماؤں پروفیسر محبوب الزماں بٹ ،میاں طاہرایوب،شیخ مشتاق،انجینئرعظیم رندھاوا نے کہا ہے کہ گندم کے بعد دالوں کا مصنوعی بحران پیدا کیا جا رہا ہے ، ہزاروں کنٹینرز ایل سی نہ کھلنے سے کراچی کے سمندر میں کھڑے ہیں، دالوں کی قیمتیں 350 روپے کلو تک چلی گئیں، آٹا 170روپے کلو بک رہا ہے ۔

مرکزی اور صوبائی حکومتوں نے اپنی لڑائی میں گندم کا مصنوعی بحران پیدا کر کے عوام کو کراچی سے چترال تک آٹے کی لائنوں میں کھڑا کر دیا ۔ لوگ ایک تھیلا آٹے کے لیے ترس رہے ہیں، ذخیرہ اندوز اور مافیاز اربوں کما رہے ہیں ۔ تینوں بڑی جماعتوں میں مافیاز موجود ہیں جنہوں نے نے ماضی میں بھی چینی، ادویات، پٹرول کے مصنوعی بحران پیدا کیے ۔ ناقص حکومتی پالیسیوں سے گندم برآمد کرنیوالا ملک درآمد کرنیوالا بن گیا ۔ حکمرانوں نے ہمیشہ عوام دشمنی کی، یہ سیاسی و معاشی دہشت گرد ہیں، انکی لڑائیاں ذاتی مفادات کے لیے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں