فیسکو کے ٹرانسفارمر چوری واقعات معمول بن گئے

فیسکو کے ٹرانسفارمر چوری واقعات معمول بن گئے

فیصل آباد(بلال احمد سے )بجلی چوری کے لوڈ شیڈنگ کے دوران مختلف علاقوں سے فیسکو ٹرانسفارمر چوری کے واقعات بھی معمول بن گئے۔۔

 موسم گرما میں شہر اور نواحی علاقوں میں بڑھتی لوڈ شیڈنگ چوروں کے لیے راحت کا سامان کرنے لگی ۔ بجلی کی ترسیل بند ہونے پرچور اپنا کام دکھانے لگے ۔ دو ماہ کے دوران مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمر چوری کے2درجن سے زائد واقعات رپورٹ ہوچکے جس سے کمپنی کو لاکھوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔ تاہم کسی ایک بھی مقدمے میں ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہ لائی جا سکی اور نہ ہی کوئی سراغ لگایا جا سکا۔ ذرائع کے مطابق نئے200کے وی اے کے ٹرانسفارمر کی قیمت ساڑھے 4لاکھ رہے جبکہ لوڈ شیڈنگ نے چوروں کی چاندی کردی ہے جنکی جانب سے مخصوص گاڑیوں میں ٹائررکھے جاتے ہیں جسکے بعد کھمبے پر چڑھنے کے بعد ٹرانسفارمر کو تاروں سے الگ کرکے گاڑی میں پھینکا جاتا ہے اور چند منٹ میں چور لے کر رفو چکر ہو جاتے ہیں۔ گزشتہ روز بھی تھانہ ملت ٹاؤن کے علاقے جوہر کالونی سے 200کے وی اے جبکہ تھانہ نشاط آباد کے علاقے فیڈمک ایریا سے رات کے اندھیرے میں دو مختلف مقامات سے ٹرانسفارمر چوری کرلیے گئے ۔ بجلی لوڈ شیڈنگ کے ساتھ ٹرانسفارمرز چوری سے شہری دوہری اذیت میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ شہری علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 7سے 8 گھنٹوں تک جا پہنچا ہے ۔ شہری کہتے ہیں کہ بجلی بندش کے عذاب کے ساتھ ٹرانسفارمر چوری ہونے پرنیا ٹرانسفارمر لگنے تک بجلی سے محروم رہنا پڑتا ہے ۔ شدید گرمی میں چند لمحے گزارنا مشکل ہے ۔ انہوں نے فیسکو حکام سے مسئلے کے مستقل سد باب کا مطالبہ کیا ہے ۔ ترجمان فیسکو طاہر شیخ کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت بڑھنے پربجلی کی طلب بڑھ گئی ہے جس پر لوڈ شیڈنگ کرنا پڑ رہی ہے ۔ ٹرانسفارمر چوری معاملے پر انکا کہنا تھا کہ حکام بالا کو مسئلے سے آگاہ کیا ہے جلد ہی مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں